رسائی کے لنکس

ایتھیوپیا: میلیز کی آخری رسومات، ہزاروں افراد کی شرکت


میلیز زناوی
میلیز زناوی

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہا کہ میلیز کے انتقال سے افریقی براعظم کا ایک عظیم سپوت ہم سے جدا ہوگیا ہے، جب کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزان رائس نے اُنھیں’غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک‘ اور ایک ’یکتا صاحبِ بصیرت‘ قرار دیا

متعدد افریقی راہنماؤں کے ہمراہ ہزاروں سوگوار افراد کے ایک اجتماع نے اتوار کو طویل عرصے تک ایتھیوپیا کےحکمراں میلیز زناوی کی سرکاری تدفین میں شرکت کی۔

طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد گذشتہ ماہ مسٹر میلیز 57برس کی عمر میں بیلجئم میں انتقال کرگئے۔ اُنھوں نے 20برس سے زائد عرصے تک ایتھیوپیا پر حکمرانی کی۔

تدفین کی سرکاری رسومات دارالحکومت ادیس ابابا میں ہوئیں، جِن میں درجنوں اہم شخصیات نے شرکت کی جِن میں روانڈا کے صدر پال کگامے، یوگنڈا کے صدر یواری مسیونی اور جنوبی افریقہ کے سابق صدر تھابو مبیکی شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہا کہ میلیز کے انتقال سے افریقی براعظم کا ایک عظیم سپوت ہم سے جدا ہوگیا ہے، جب کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزان رائس نے اُنھیں ایک ’غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک‘ اور ایک ’یکتا صاحبِ بصیرت‘ قرار دیا۔


معیشت، تعلیم اور صحتِ عامہ کے شعبوں میں بہتری لانے کےباعث آنجہانی وزیر اعظم میلیز کو بیرون ملک عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ لیکن، انسانی حقوق کے گرپوں نے مختلف نوع کی زیادتیوں کے باعث اُن پر نکتہ چینی کی ہے، جِن میں غیر جانبدار ابلاغ عامہ پر پابندیاں لگانا بھی شامل ہے۔

آخری رسومات کی تقریب کے بعد، مسٹر میلیز کے تابوت کو ’ہولی ٹرنٹی کیتھڈرل‘ لے جایا گیا، جہاں اُنھیں ایتھیوپیا کی ماضی کی دیگر اہم شخصیات کے قبروں کے ساتھ دفن کیا گیا، جِن میں سابق بادشاہ، ہیل سلاسی بھی شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG