رسائی کے لنکس

وقت کے دباؤ میں مرد عورتوں سے بہتر کام کرتے ہیں: تحقیق


اطالوی محققین کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈیڈ لائن پر عورتوں کی کارکردگی مردوں کے مقابلے میں بدتر ہوتی ہے۔

کیا آپ کو کبھی حیرت ہوئی ہے کہ عورتیں اپنی پوری کوشش کرنے کے باوجود مقررہ وقت پر تیار کیوں نہیں ملتی ہیں اگرچہ، اس تاخیر کے لیے ان کے پاس ہمیشہ بہت اچھے بہانے بھی ہوتے ہیں، لیکن اب سائنس دانوں نے ان کی اس تاخیر کی سائنسی وجہ ڈھونڈ نکالی ہے جو کہتے ہیں کہ عورتوں میں وقت کا دباؤ جھیلنے کی صلاحیت کم ہے اسی لیے وقت کی پابندی کا خیال کرتے ہوئے عورتوں کی کارکردگی خراب ہو جاتی ہے۔

اگرچہ پچھلے کئی مطالعوں میں عورتوں کو ایک وقت میں کئی طرح کے کام مکمل کرنے کے معاملے میں مردوں سے بہتر بتایا گیا ہے لیکن اطالوی محققین کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈیڈ لائن پر عورتوں کی کارکردگی مردوں کے مقابلے میں بدتر ہوتی ہے۔

اٹلی کی 'یونیورسٹی آف کلابریا' کی طرف سے منعقدہ مطالعے میں ماہرین معاشیات یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ وقت کا دباؤ لوگوں کی کارکردگی پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے اور اس کی تحقیقات کے لیے انھوں نے ایک تجربہ کیا ہے جس میں اطالوی طلبہ شامل تھے۔

مشاہدے کے شرکاء میں سے ایک گروپ معیاری امتحان کا حصہ تھا۔ جس میں طلبہ پر وقت کی پابندی کا دباؤ نہیں تھا جبکہ متبادل گروپ کے طلبہ کو مقررہ وقت کے اندر ٹیسٹ مکمل کرنا تھا۔

جریدہ 'جرنل اکنامک سائیکولوجی' کے دسمبر کے شمارے میں شائع ہونے والی تحقیق کی سربراہ محقق ماریا ڈی اور یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے وابستہ شریک مصنفہ پروفیسر فرانسسکا نے نتائج میں لکھا کہ وقت کا دباؤ عورتوں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے جب کہ مردوں کی کارکردگی وقت کے دباؤ سے متاثر نہیں ہوتی ہے۔

نتائج سے اس بات کی بھی نشاندہی ہوئی کہ جس ٹیسٹ کے لیے وقت کی پابندی نہیں تھی اس میں طالبات نے طلبہ کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ان کی یہ برتری دوسرے ٹیسٹ میں اس وقت غائب ہو گئی جب انھیں مقررہ وقت پر امتحان ختم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

محققین نے کہا کہ طالبات کی کارکردگی پر وقت کے دباؤ کے مضبوط منفی اثرات ملے ہیں جس نے ان کے کام کے معیار اور تعداد دونوں کو خراب کیا تھا۔

محققین نے جب نتائج کا تجزیہ طلبہ کی توقعات کے اعداد و شمار کے ساتھ کیا تو پتا چلا کہ طالبات کی جانب سے ٹیسٹ کے نتائج کی بالکل درست پیش گوئی کی گئی تھی اور وقت کے دباؤ کے تحت دیے جانے والے ٹیسٹ میں طالبات نے کم گریڈ کی توقع کی تھی۔

مصنفین نے سائنسی پیپر میں لکھا کہ نتائج سے یہ وضاحت ملتی ہے کہ عورتیں کیوں ایسے روزگار اور ملازمت سے دور رہنا پسند کرتی ہیں، جن میں وقت کے دباؤ کے تحت کام کیا جاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ نتائج سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ عورتیں ایسے ماحول میں کام کرنے کے مواقع کو جان بوجھ کر نظر انداز کر دیتی ہیں جہاں وقت کے دباؤ کے تحت کام کیا جاتا ہے کیونکہ ان میں وقت کے دباؤ کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت کم ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG