رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ کے بعد میسی کی فرینچ لیگ میں گول داغ کر واپسی


میسی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کپتان ہیں۔
میسی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کپتان ہیں۔

قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے عالمی کپ کی کامیابی کے جشن کے بعد ایک بار پھر گراؤنڈ کا رخ کر لیا ہے اور گول داغ کر اپنی واپسی کی ہے۔

فرانس میں کھیلی جا رہی فرینچ چیمپئن شپ لیگ-ون میں پریس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹ بال کپ کی جانب سے کھیلتے ہوئے میسی نے گول اسکور کیا۔اس میچ میں پی ایس جی نے اینگر فٹ بال کلب کو دو صفر سے شکست دی۔

جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پی ایس جی کی اس سیزن میں 18 میچز میں سے 15 ویں کامیابی تھی جب کہ پی ایس جی نے گزشتہ تین میچوں میں میسی کو آرام دیا تھا جس کی وجہ عالمی مقابلے میں ان کی شرکت اور اس کے بعد ارجنٹائن کی کامیابی کا جشن تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پی ایس جی سرِ فہرست ہے اور اینگر اس وقت سب سے آخری نمبر پر ہے، اینگر کی اس لیگ میں یہ مسلسل 10 ویں شکست تھی۔

فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دی تھی اور ان دونوں ٹیموں کے کپتان یعنی میسی کلیان ایمباپے فرینچ چیمپئن شپ لیگ میں پی ایس جی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں اینگر کے خلاف پی ایس جی کا پہلا گول پہلے ہاف میں ہوگو ایکیتک نے کیا جب کہ اس برتری کو میسی نے دوسرے ہاف کے دوران 72ویں منٹ میں مستحکم کیا۔

میسی کے گول کو پہلے آف سائیڈ قرار دیا گیا تھا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے اسے درست قرار دیا۔

پی ایس جی کے کوچ کا کہنا تھا کہ میسی نے شاندار واپسی کی ہے۔ وہ انتہائی مطمئن ہیں جب کہ ان کی شمولیت سے ٹیم بالکل مختلف نظر آ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG