رسائی کے لنکس

میسی نے چھٹا 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ جیت لیا


فٹ بال کے عالمی کھلاڑی لیونل میسی نے چھٹی مرتبہ مردوں کا 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ جیت لیا ہے جب کہ خواتین کا ایوارڈ امریکہ کی میگن ریپنو جیتنے میں کامیاب رہیں۔

لیونل میسی کو پیر کی شب پیرس میں منعقدہ تقریب کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس دوڑ میں انہوں نے اپنے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ 2015 کے بعد میسی کو ملنے والا پہلا 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ ہے۔ وہ اس سے پہلے بھی پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ میسی کے حریف سمجھے جانے والے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق فرانسیسی فٹ بال میگزین کی جانب سے ایوارڈ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جب کہ دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے پینل نے اپنے ووٹوں کے ذریعے ایوارڈ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

نتائج کے مطابق لیونل میسی پہلے نمبر پر رہے جب کہ بارسلونا کے نمبر ٹین کھلاڑی اور لیور پول کے ڈیفینڈر وین ڈجک دوسرے اور رونالڈو تیسرے نمبر پر رہے۔

وین ڈجک سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں لیور پول سے تعلق رکھنے والے چار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ سادیو مانے چوتھے ، محمد صلاح پانچویں اور ایلیسن ساتویں نمبر پر رہے۔

2010 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب رونالڈو پہلی اور دوسری پوزیشن پر آنے سے قاصر رہے۔ تاہم انہوں نے آخری مرتبہ 2017 میں 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ جیتا تھا۔

میسی رواں سال ہونے والے 54 مقابلوں میں اب تک 46 گول اسکور کر چکے ہیں۔

ارجنٹائن کی طرف سے کوپا امریکہ ایونٹ میں میسی قابل ستائش کار کردگی نہ دکھا سکے البتہ وہ چیمپئنز لیگ کے گزشتہ سیزن میں 12 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

لیونل میسی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ
لیونل میسی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ

پیر کو منعقدہ تقریب کے دوران ایوارڈ وصول کرتے ہوئے میسی کا کہنا تھا کہ انہوں نے دس سال پہلے پیرس میں ہی اپنی زندگی کا پہلا 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ جیتا تھا۔

ان کا کہنا تھا" مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میں اپنے تین بھائیوں کے ساتھ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی غرض سے پیرس آیا تھا۔ اس وقت میں 22 سال کا تھا۔ اتنی کمر عمری میں یہ ایوارڈ جیتنا میرے تصور میں نہیں تھا۔"

انہوں نے بتایا کہ دس سال کے دوران یہ ان کا چھٹا ایوارڈ ہے۔ پہلے ایوارڈ کے بعد سے چھٹا ایوارڈ جیتنے تک بہت کچھ بدل گیا ہے۔ میری شادی ہو چکی ہے اور میرے تین بچے ہیں۔ میرے لیے یہ چاروں بہت اہم ہیں۔

XS
SM
MD
LG