رسائی کے لنکس

میکسیکو: حلف برداری کے اگلے ہی روز خاتون میئر قتل


جسیلا موٹا نے حلف اٹھاتے وقت اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ جرائم کے سدِ باب کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی۔

میکسیکو کے شہر ٹیمسکو کی نومنتخب خاتون میئر کو حلف برداری کے اگلے ہی روز مسلح افراد نے قتل کردیا ہے۔

میکسیکو کی ریاست مورلوس کے سکیورٹی کمشنر جیزز البرٹو کپیلا کے مطابق میئر جسیلا موٹا کو ہفتے کو ان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

کمشنر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو تھی جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ ان کے بقول فائرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور سکیورٹی اداروں نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

مقتول میئر جسیلا موٹا کا تعلق میکسیکو کی بائیں بازو کی جماعت 'ڈیموکریٹک ریوولوشن پارٹی' سے تھا جس نے اپنے بیان میں مقتولہ کو مضبوط اعصاب کی مالک اور بہادر خاتون قرار دیا ہے۔

بیان کے مطابق جسیلا موٹا نے حلف اٹھاتے وقت اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ جرائم کے سدِ باب کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی۔

ٹیمسکو کی شہری انتظامیہ کے جنرل سیکریٹری کیرولز کالٹینکو نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں جسیلا موٹا کے قتل کی ایک وجہ ان کی حلف اٹھانے کے بعد کی تقریر ہوسکتی ہے جس نے شاید بعض افراد کو عدم تحفظ کا شکار کردیا تھا۔

ٹیمسکو شہر میکسیکو کے دارالحکومت سے 100 کلومیٹر جنوب میں واقع اور سیرناواکا نامی سیاحتی مقام سے متصل ہے جہاں جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کی وارداتیں عام ہیں۔

XS
SM
MD
LG