رسائی کے لنکس

میکسیکو دیوار کی تعمیر کے لیے رقم نہیں دے گا: صدر انریک


صدر انریک نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ میکسیکو اس دیوار کی تعمیر کے لیے اخراجات ادا نہیں کرے گا اگرچہ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ میکسیکو کو ایسا کرنا پڑے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے حکم کے بعد میکسیکو کے صدر آئندہ ہفتے واشنگٹن کے مجوزہ دورے کو منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

یہ بات میکسیکو کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہی ہے۔

’ٹی وی‘ پر براہ راست نشر ہونے والے خطاب میں میکسیکو کے صدر انریک پینا نیٹو نے کہا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے اور وہ امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

اُنھوں نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ میکسیکو اس دیوار کی تعمیر کے لیے اخراجات ادا نہیں کرے گا اگرچہ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ میکسیکو کو ایسا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ "میکسیکو دیواروں پر یقین نہیں رکھتا ہے۔"

"میں نے بار بار کہا ہے کہ میکسیکو کسی بھی دیوار کے لیے رقم فراہم نہیں کرے گا۔"

اپنے واشنگٹن کے دورے کے بارے میں صدر انریک نے براہ راست کوئی بات نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ وہ میکسیکو کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی رپورٹ کا انتظار کریں گے جو اس وقت واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں سے مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ "میکسیکو کے عہدیداروں کی حتمی رپورٹ کی بنیاد پر جو اس وقت واشنگٹن میں ہیں ۔۔۔ میں اس بات کا فیصلہ کروں گا کہ آئندہ کیا کرنا ہے۔"

دیوار کی تعمیر کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے، انہوں نے خیر سگالی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ "میکسیکو، امریکہ کی عوام کے ساتھ اپنی دوستی اور اس کی حکومت کی ساتھ سمجھوتے طے کرنے سے متعلق اپنی آمادگی کا اعادہ کرتا ہے۔''

میکسیکو کے صدر کی طرف سے اپنے دورہ امریکہ کے بارے میں نظر ثانی کرنے کا ممکنہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب میکسیکو میں یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ صدر پینانیٹو کا موقف امریکی صدر ٹرمپ کی سخت پالیسی کے سامنے بہت کمزور ہے۔

میکسیکو کے ایک عہدیدار جو حکومت کی پالیسی کے بارے میں کھلے عام بات کرنے کے مجاز نہیں ہیں، نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ 31 جنوری کو ہونے والے دورے کو منسوخ کرنے کے بارے میں " غور ہو رہا" ہے۔ "میں یہی کچھ آپ کو بتا سکتا ہوں۔"

تاہم یہ واضح نہیں کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کب کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے طرف سے دیوار تعمیر کرنے کے بار ے میں حکم اس وقت سامنے آیا جب میکسیکو کے خارجہ اور اقتصادی امور کے سیکرٹری، ٹرمپ انتظامیہ سے بات چیت کرنے کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے۔

میکسیکو کے صدر پینا نیٹو جن کی مقبولیت حال ہی میں ہونے والے ایک سروے میں 12 فیصد بتائی گئی ہے، ان کو ناقدین کی طرف سے ٹرمپ کی سخت پالیسی پر دباؤ کا سامنا ہے۔ حزب مخالف کے سیاستدانوں نے بدھ کو ان پر زور دیا کہ وہ واشنٹگن کا دورہ منسوخ کر دیں۔

امریکی صدر نے غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم لوگوں کی ملک بدری کے عمل کو تیز کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے اپنی صدارتی مہم کے دوران میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے تارکین وطن کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ ان میں بعض اچھے لوگ ہیں تاہم ان کے بیانات میکسیکو کے کئی شہریوں کی ناراضی کا باعث بنے۔

XS
SM
MD
LG