رسائی کے لنکس

دیوار کی تعمیر، سرحد پر گشت میں اضافہ اور ملک بدری پر عمل درآمد: حکم نامے جاری


فائل
فائل

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ملک کی جنوبی سرحد پر میکسیکو کے ساتھ ’’مہینوں کے اندر اندر‘‘ دیوار تعمیر کی جائے گی؛ 5000 خصوصی محافظ تعینات کیے جائیں گے جو سرحد پر گشت کا کام سر انجام دیں گے؛ جب کہ ملک میں غیر قانونی طور پر موجود تارکینِ وطن کو ملک بدر کیا جائےگا۔

صدر ٹرمپ اِن حکم ناموں کا اعلان محکمہٴ ہوم لینڈ سکیورٹی کے دورے کے دوران کیا؛ جس سے قبل اُنھوں نے ’اِمی گریشن‘ کے دو انتظامی حکم ناموں پر باضابطہ دستخط کیے۔

دیوار کی تعمیر کے احکامات کا مقصد غیر قانونی ’امی گریشن‘ کو روکنا ہے، تاکہ امریکہ میں ناجائز طور پر داخل ہونے کے معاملے کو بند کیا جا سکے؛ جب کہ اُن امریکی شہروں پر کڑی نظر رکھی جائے جہاں غیر رجسٹرڈ تارکینِ وطن کو تحفظ فراہم ہوتا ہے۔

یہ صدارتی انتخابی مہم کے دوران، ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا عمل ہے۔

اس سے قبل، ’اے بی سی نیوز‘ کے ساتھ انٹرویو میں، ٹرمپ نے کہا کہ دیوار کی تعمیر ’’چند ہی ماہ کے اندر اندر ہوگی‘‘، اور اس استفسار پر زور دیا کہ میکسیکو کو پیسے دینے ہوں گے، جب کہ میکسیکو بارہا کہتا آیا ہے کہ وہ ایسی کوئی ادائگی نہیں کرے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ادائگی کا معاملہ ’’پیچیدہ نوعیت کا‘‘ ہوسکتا ہے، جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ میکسیکو کی جانب سے یہ ادائگی شاید براہِ راست عمل میں نہ آئے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان، شان اسپائسر نے کہا ہے کہ امریکہ سرحد پر مزید حراستی تنصیبات تعمیر کرے گا، تاکہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والوں کو وہاں رکھا جاسکے؛ اور پھر اُنھیں ’’اپنے اصل ملک واپس روانہ کرنے کا ایک طرفہ ٹکٹ جاری کیا جاسکے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ماضی کا ’’خطرناک ’پکڑو اور رہا کرو‘ پروگرام‘‘ ختم کرے گی، جس پر سرحدی ایجنٹ عمل پیرا رہے ہیں؛ جب کہ زیر حراست افراد کو بعدازاں عدالت میں پیشی کے لیے کہا جاتا تھا، جب کہ درحقیقت وہ اِن احکامات کی پرواہ نہیں کیا کرتے تھے۔

XS
SM
MD
LG