رسائی کے لنکس

ٹیم کی خراب کارکردگی کے سب ذمہ دار ہیں: مکی آرتھر


مکی آرتھر
مکی آرتھر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تسلیم کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے دورے میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی۔ کوشش کریں گے آئندہ سیریز میں اپنی کارکردگی کو بہتر کریں۔

جنوبی افریقہ سے واپسی پر جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے۔

ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ قومی ٹیم جنوبی افریقہ میں امیدوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ایشین ٹیموں کو مشکلات رہی ہیں اور کوئی بھی ایشین ٹیم ابھی تک ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف خراب کارکردگی کی ذمہ داری ہم سب کو لینی چاہیے۔ میں کسی ایک شعبے کو خراب کارکردگی کا ذمہ دار نہیں ٹہرا سکتا۔ بالرز، بیٹسمین، کپتان اور مجھے بطور کوچ ذمہ داری لینی چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں ایک بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ بعض اوقات مخالف ٹیم بھی اچھا کھیلتی ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز اور ایک روزہ میچوں میں ہماری ٹیم پر مکمل طور پر حاوی تھی۔ہمارے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اُمید ہے کہ آئندہ اِن غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ رواں برس جون میں ہونے والے ورلڈکپ کے بارے میں چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات ہوئی ہے اور بہت سے معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈکپ سے پہلے انگلینڈ کے خلاف سیریز ہے اور وہ سیریز کھیلنے والے کھلاڑی ہی ورلڈکپ کھیلیں گے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز میں بھی بہتر حکمتِ عملی اپنائیں گے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں سینئر کھلاڑیوں سے بہت توقعات ہیں۔ ورلڈ کپ میں محمد حفیظ اور شعیب ملک بہتر کھیل پیش کر سکتے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں میں پریشر میں بھی رنز بنانے اور مخالف ٹیم پر حاوی ہونے کی صلاحیت ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہوتا ہے لیکن بعض اوقات باتوں کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ ڈریسنگ روم کی باتیں باہر آنا افسوس ناک عمل ہے۔ ڈریسنگ روم میں مثبت اور حوصلہ افزا باتیں کی جاتی ہیں جن سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے لیکن کچھ باتوں کو زیادہ ہی بڑا کرکے بتایا جاتا ہے۔

مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں کہا کہ انھوں نے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقی کھلاڑی کو جو کہا وہ غلط تھا جس پر وہ اپنی غلطی کی معافی بھی مانگ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG