رسائی کے لنکس

ایرانی ہیکروں نے صدارتی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا: مائیکروسافٹ


فائل
فائل

مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکروں نے ایک صدارتی انتخابی مہم کو ہدف بنایا، لیکن اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔

جمعے کو شائع ہونے والے ایک بلاگ میں ادارے نے بتایا ہے کہ ہیکروں نے 241 اکاؤنٹس میں داخل ہونے کی کوشش کی، جن میں ایک امریکی صدارتی مہم، موجودہ اور سابق سرکاری اہلکاروں، میڈیا اور معروف ایرانی تارکین وطن کے اکاؤنٹ بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکروں نے کامیابی کے ساتھ چار اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی۔ لیکن، مائیکروسافٹ نے بتایا کہ ان میں سے کسی ایک کا بھی صدارتی انتخابی مہم سے یا موجودہ یا سابق سرکاری اہلکاروں سے تعلق نہیں تھا۔

مائیکروسافٹ نے انتخابی مہم کی تفصیل نہیں بتائی، جن کے نیٹ ورک کو ہیکروں نے ہدف بنانے کی کوشش کی۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے سائبر سیکورٹی اور انفرااسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی کے سربراہ، کرس کریبس نے ’وائس آف امریکہ‘ کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ ادارہ مائیکروسافٹ کی رپورٹ سے آگاہ ہے، اور یہ کہ ہم ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، تاکہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے اور اس کا مداوا کیا جا سکے۔

بقول ان کے’’اس کارستانی کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ غیر ملکی خفیہ ادارہ کچھ بھی کر سکتا ہے، مائیکروسافٹ کا یہ دعویٰ کہ صدارتی انتخابی مہم کو ہدف بنایا گیا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے دشمن ہمارے جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں‘‘۔

سال 2016ء کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی مہم کے زیر استعمال کمپیوٹر نیٹ ورک کو ہیک کیا گیا تھا۔

گروپ کی جانب سے یہ حالیہ حملے جنھیں مائیکروسافٹ نے ’فوسفورس‘ کا نام دیا ہے، اگست اور ستمبر کے دوران 30 دن کے عرصے میں واقع ہوئے۔

مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ تکنیکی طور پر یہ جدید نوعیت کے حملے نہیں تھے۔ تاہم، بتایا ہے کہ ہیکروں نے اپنے اہداف کے بارے میں خاصی تحقیق کر رکھی تھی اور اکاؤنٹس تک رسائی کے لیے ذاتی معلومات کا استعمال کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG