رسائی کے لنکس

مائیکروسافٹ نے اپنے اسٹور کھولنے شروع کردیے


مائیکروسافٹ نے اپنے اسٹور کھولنے شروع کردیے
مائیکروسافٹ نے اپنے اسٹور کھولنے شروع کردیے

کمپیوٹر سافٹ ویئر تیار کرنے والی مشہور کمپنی مائیکروسافٹ کارپوریشن نے صارفین کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھانے اوراپنے کاروبار کا انداز بدلنے کے لیے دوسری بڑی کمپنیوں کی طرح اپنے ریٹیل اسٹور کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حال ہی میں اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب اپنا ایک اسٹور کھولا ہے۔

مائیکرو سافٹ نے ورجینیا میں اپنے اس سٹور کے افتتاح کے سلسلے میں مقامی فلاحی تنظیموں کے لیے 10 لاکھ ڈالر بھی مختص کیے ہیں۔ کمپنی کے ایگزیکٹیو وائس پریزیڈنٹ بریڈ سمتھ نے امریکہ میں کمپنی کے 14ویں سٹور کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں صارفین اور ملازمین اکٹھے ہوئے۔

مائیکرو سافٹ کے جنرل مینیجر میکا یاماموٹو کا کہنا ہے کہ صارفین سے تعلق کو بڑھانے میں روایتی سٹورز مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم اپنے صارفین سے براہ راست تعلق استوار کرنا چاہتے ہیں ۔

افتتاح کی اس تقریب میں صارفین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ مقامی اور ملکی شخصیات نے بھی حصہ لیا۔ جنھیں اس بڑے سٹور میں ان مختلف مصنوعات کو قریب سے دیکھنے اور پرکھنے کا موقع ملا جو آن لائن موجود نہیں ہیں۔

مائیکروسافٹ کمپنی 40 سال سے زیادہ عرصے سے کام کررہی ہے ۔ مگر یہ پہلا موقع ہے کہ اس نے اپنے اسٹور بھی کھولنے شروع کیے ہیں ۔میکا یاماموٹو کا کہنا ہے کہ سٹور کھولنا کمپنی کا صارفین سے تعلق مضبوط کرنےاور آج کل کے ماحول کے مطابق کام کرنے کی ایک کوشش ہے۔

مائیکرو سافٹ کے سب سے بڑے مقابل ایپل کے پوری دنیا میں 300 سٹورز ہیں۔ جبکہ سونی کمپنی کے امریکہ میں 27 سٹورز ہیں۔ لیکن مائیکرو سافٹ کی منفرد بات یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ اپنی بنائی ہوئی مصنوعات کے علاوہ بھی دوسری مصنوعات فروخت کرتا ہے۔ لیکن کیا اس سے فرق پڑے گا َ؟

میکایاماموٹو کہتے ہیں کہ یہ صا رفین کے ساتھ اپنے تعلق کو بنانے میں ہمارا سب سے اہم قدم ہے۔ آنے والے چند برسوں میں ہم اور نئے سٹورز کھولیں گے۔

میکا یاماموٹو کا کہنا ہے کہ مائیکرو سافٹ اگلے 3 سال میں وہ 75 اور سٹورز کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

XS
SM
MD
LG