رسائی کے لنکس

امریکی ایلچی کی اسرائیلی صدر سے ملاقات


مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکہ کے ایلچی جارج مِچل نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات سے پہلے جمعے کے روز یروشلم میں اسرائیل کے صدر شِمعون پیریز سے ملاقات کی ہے۔

صدر پیریز نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں سکیورٹی کے مسائل کے حل کوسب سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے 2005 میں غزہ سے اسرائیلی فوج کی واپسی کا ذکر کیا، جس کےبعد عسکریت پسند عناصر اسرائیل پر ہزاروں راکٹ پھینک چکے ہیں۔

مِچل، فلسطینیوں کے ساتھ قیامِ امن کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ دوروزہ مذاکرات کے بعد جمعے کے روز رملّہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کررہے ہیں۔

جمعرات کے روز انہوں نے اس بارے میں غوروخوض کیا تھاکہ اس قسم کے بالواسطہ مذاکرات کسی طریقے سے کیے جائیں جن میں ہر فریق الگ الگ کسی ایک ثالث سے ملاقات کرتا ہو ۔

اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات ایک سال سے بھی پہلے منقطع ہوگئے تھے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ اُس وقت تک اسرائیل کے ساتھ دوبارہ براہِ راست مذاکرات شروع نہیں کریں گے، جب تک وہ مقبوضبہ مغربی کنارے اور یروشلم میں آباد کاروں کی بستیاں تعمیر کرنا بند نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG