رسائی کے لنکس

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ: ڈوم سیبلی بال پر تھوک لگاتے ہوئے 'پکڑے' گئے


انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلش فیلڈر ڈوم سیبلی نے گیند کو تھوک لگا کر چمکانے کی کوشش کی لیکن وہ امپائر کی پکڑ میں آ گئے۔

ڈوم سیبلی نے ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا تھا بلکہ وہ عادتاً ایسا کر بیٹھے تھے۔ جس کے نتیجے میں آن فیلڈ امپائرز کو گیند سینیٹائز کرنا پڑی۔

آئی سی سی نے کرونا وائرس کی وبا کے پیشِ نظر کرکٹ کی بحالی کے لیے احتیاطی طور پر کچھ رہنما اصول وضع کیے تھے جن میں گیند پر تھوک نہ لگانا بھی شامل ہے۔

سیبلی انگلینڈ کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو آئی سی سی کے نئے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

اس سے قبل انگلش فاسٹ بالر جوفرا آرچر ساؤتھمپٹن سے مانچسٹر کے سفر کے دوران بائیو سیکیور قوانین کی خلاف ورزی کر بیٹھے تھے جس پر انہیں بطور سزا ایک میچ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

فیلڈ ایمپائرز گیند کا معائنہ کررہےہیں
فیلڈ ایمپائرز گیند کا معائنہ کررہےہیں

انگلش بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آرچر سفر کے دوران کچھ دیر کے لیے برائٹن میں واقع اپنے فلیٹ میں رُکے تھے۔​

اتوار کو میچ کے دوران تھوک لگائے جانے کی اطلاع پر آن فیلڈ امپائر مائیکل گو اور رچرڈ آئلنگ ورتھ نے ایک ساتھ گیند کا معائنہ کیا۔ اسی دوران ڈوم سیبلی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے غیر ارادی طور پر گیند پر تھوک لگایا۔

بالرز عموماً گیند کی چمک برقرار رکھنے کے لیے اسے کبھی تھوک سے تو کبھی پسینے سے صاف کرتے رہتے ہیں۔ لیکن کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے آئی سی سی نے جو رہنما اصول وضع کیے ہیں اُن میں سے ایک اصول یہ بھی ہے کہ بالرز گیند پر تھوک نہیں لگا سکتے۔

ڈوم سیبلی کو غیر دانستہ طور پر کی جانے والی اس غلطی کی سزا تو نہیں دی گئی لیکن آئی سی سی کے قواعد کے مطابق ٹیم کو اس طرح کی غلطی پر دو بار انتباہ کیا جائے گا اور اگر کسی کھلاڑی نے پھر یہ غلطی دہرائی تو ٹیم کے اسکور سے 5 رنز منہا کر لیے جائیں گے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ بائیو سیکیور ماحول میں ہو رہا ہے۔ اس لیے کھلاڑیوں کو سختی کے ساتھ رہنما اصولوں پر پابند رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG