رسائی کے لنکس

کراچی: راشن کی تقسیم بد نظمی، دو خواتین ہلاک


مخیر حضرات کی جانب سے راشن کی تقسیم کا عمل جاری تھا کہ خواتین کی دھکم پیل شروع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پیر کے روز ایک فلاحی ادارے کی جانب سے راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے دو خواتین جاں بحق، جبکہ متعدد زخمی ہوگئیں۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل فلاحی اداروں کی جانب سے غریب افراد میں راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔

ایسی ہی ایک تقریب کراچی کے مقامی ہال میں بھی منعقد کی گئی، جہاں غریب طبقے سے تعلق رکھنے والی درجنوں خواتین راشن کے حصول کیلئے جمع تھیں۔

راشن کی تقسیم کا عمل جاری تھا کہ خواتین کی دھکم پیل شروع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی۔

ایسے میں، خواتین ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے راشن لینے کیلئے آگے بڑھنے لگیں جس کے باعث دو خواتین اس رش کے بیچ میں آکر زمین پر گرگئیں اور دب کر جاں بحق ہوئیں، جبکہ متعدد خواتین زخمی ہوگئیں جنھیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔


اطلاع ملتے ہی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ، ’راشن کی تقسیم کے دوران بدنظمی اور دھکم پیل کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے کے بعد راشن کی تقسیم کا عمل روکدیا گیا‘۔


واضح رہے کہ کراچی شہر میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ میں خواتین کی ہلاکتوں کا یہ پہلا واقع نہیں۔ اس سے قبل سال 2009 ءمیں کراچی کے علاقے کھوڑی گارڈن میں فلاحی ادارے کی جانب سے راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ میں19 خواتین جاں بحق ہوئیں تھیں۔



XS
SM
MD
LG