رسائی کے لنکس

مس واشنگٹن 2016ء کو اپنا خطاب واپس کرنا پڑا


اسٹورمی کیفیلر (فائل فوٹو)
اسٹورمی کیفیلر (فائل فوٹو)

مس واشنگٹن یو ایس اے تنظیم کےحکام کا کہنا ہے کہ اسٹورمی کیفیلر نے مس واشنگٹن امریکہ کے طور پر استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد مقابلہ حسن کی رنر اپ حسینہ کیلسی شیمٹ کو 13 جنوری کو مس واشنگٹن 2016ء کا تاج سونپ دیا گیا۔

'مس واشنگٹن یو ایس اے 2016 ' کا خطاب جیتنے والی اسٹورمی کیفیلر کو اپنے تاج سے محروم ہونا پڑا ہے کیونکہ، ریاست واشنگٹن کی حسینہ کا تاج جیتنے سے پہلے وہ نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔

23 سالہ امریکی حسینہ کیفیلر نے اپنے اعزاز کو برقرار رکھنے کے دفاع میں ناکام ہونے کے بعد مس واشنگٹن کا تاج واپس کر دیا ہے۔

مس واشنگٹن یو ایس اے تنظیم کےحکام کا کہنا ہے کہ اسٹورمی کیفیلر نے مس واشنگٹن امریکہ کے طور پر استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد مقابلہ حسن کی رنر اپ حسینہ کیلسی شیمٹ کو 13 جنوری کو مس واشنگٹن 2016ء کا تاج سونپ دیا گیا۔

تنظیم کے شریک ایگزیکٹیو مورین فرانسسکو نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ انھیں جنوری میں ایک ای میل کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع دی گئی تھی۔ جس کے بعد اسٹورمی کیفیلر کو رضا کارانہ طور پر اپنا خطاب واپس کرنا پڑا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کیفیلر نے مس واشنگٹن مقابلہ حسن کے داخلہ فارم پر اس واقعے کا ذکر نہیں کیا تھا اور اس طرح وہ تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی مرتکب ہوئی ہیں۔

مس یو ایس اے مقابلہ حسن میں ریاست واشنگٹن کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھنے والی اسٹورمی کیفیلر نے گڈ مارننگ امریکہ سے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس تنازع کے بعد لوگوں سے کہا کرتی تھیں کہ وہ میری لاش سے تو یہ تاج واپس لے سکتے ہیں لیکن اپنی زندگی میں یہ خطاب میں انھیں کبھی واپس نہیں کروں گی۔ "اور میں یہ لڑائی آخر تک لڑنے کے لیے تیار تھی۔"

تاہم ان کا کہنا تھا کہ بالآخر مجھے احساس ہو گیا ہے کہ میں بہت خود غرض بن گئی تھی اور میں مزید اس احساس کے ساتھ نہیں جی سکتی ہوں اس لیے میں نے اپنے اعزاز سے محروم ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیاٹل کی ایک پیشہ ور فٹ بال کلب کی کھلاڑی اور فری لانس میک اپ آرٹسٹ اسٹورمی کیفیلر نے کہا کہ میں اب مطمئن ہوں اور مجھے اپنی زندگی میں ایسے مواقع اور بھی ملیں گے۔

تنظیم کے حکام کا کہنا ہے کہ مقابلہ حسن مس واشنگٹن کا انعقاد اکتوبر کے مہینے میں ہوا تھا جبکہ مس کیفیلر کو ستمبر کے مہینے میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انھیں دو روز کی جیل کی سزا ہوئی تھی۔

مس کیفیلر اس کے علاوہ ایک پولیس تحقیقات میں بھی ملوث ہیں۔

مس کیفیلر کے سابق دوست فٹ بال کھلاڑی مارکو پاپا کو ان کے فلیٹ میں پیٹ پر چھری کے زخم کے نشان کے ساتھ پایا گیا تھا جبکہ پولس کا کہنا ہے کہ واقعہ سے قبل مس کیفیلر واحد شخصیت تھیں، جو مارکو پاپا سے ملی تھیں۔

تاہم کھلاڑی نے ان پر الزامات عائد کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ سے مس کیفیلر گرفتار نہیں ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG