رسائی کے لنکس

اپر دیر: میجر سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرنے والے فوجی اہلکاروں میں میجر علی سلمان، حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہیں۔

پاکستان کے شمال مغرب میں مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی ایک کارروائی میں فوج کے ایک افسر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو علی الصبح خفیہ اطلاع پر خیبر پختوںخواہ کے علاقے اپر دیر میں کارروائی کی گئی تھی۔

انٹیلی جنس ایجنسی کے میجر علی سلمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شیراٹکل کے علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا لیکن عسکریت پسندوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

اس دوران وہاں موجود دو خودکش بمباروں میں سے ایک نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا جب کہ دوسرے کو سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

کارروائی کے دوران ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

مرنے والے فوجی اہلکاروں میں میجر علی سلمان، حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہیں۔

پاکستان میں کالعدم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ خودکش حملہ آور ان کا ساتھی تھا۔

رواں سال فروری میں فوج نے ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف "آپریشن ردالفساد" شروع کیا تھا جس میں اب تک سیکڑوں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہلاک و زخمی اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

تاہم ان دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔

XS
SM
MD
LG