رسائی کے لنکس

ہوائی: لاوے کے باعث مزید رہائشیوں کو نقل مکانی کی ہدایت


Lava approaches Puna Geothermal Venture, bottom left, in the Leilani Estates near Pahoa, Hawaii, U.S., May 28, 2018.
Lava approaches Puna Geothermal Venture, bottom left, in the Leilani Estates near Pahoa, Hawaii, U.S., May 28, 2018.

حکام کے مطابق منگل کو بہنے والے لاوے نے ایک مرکزی شاہراہ کو کاٹ دیا تھا جو جزیرے کے تجارتی مرکز کو علاقے کے دیگر چھوٹے قصبات اور کھیتوں سے ملاتی ہے۔

امریکہ کی ریاست ہوائی میں آتش فشاں پہاڑ سے بہنے والے لاوے کے باعث مزید علاقوں کے رہائشیوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ہوائی کے شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ 'بِگ آئی لینڈ' نامی جزیرے پر مختلف دراڑوں سے نکلنے والا لاوا تیزی سے بہتا ہوا ان دیہی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں پہلے ہی سے کیلاوییا نامی آتش فشاں پہاڑ لاوا اگل رہا ہے۔

حکام کے مطابق لاوے کے راستے میں پڑنے والے علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر انخلا کی ہدایت کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق منگل کو بہنے والے لاوے نے ایک مرکزی شاہراہ کو کاٹ دیا تھا جو جزیرے کے تجارتی مرکز کو علاقے کے دیگر چھوٹے قصبات اور کھیتوں سے ملاتی ہے۔

لاوے کے باعث شاہراہ کے نزدیک واقع بجلی کی ترسیل کا نظام تباہ ہوگیا تھا جس کے سبب وکیشن لینڈ اور کاپوہو بیچ لاٹس نامی ساحلی سیاحتی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل حکام نے لیلانی اسٹیٹس نامی علاقے کے دو ہزار سے زائد مکینوں کو بھی اس وقت انخلا کا حکم دے دیا تھا جب علاقے میں اچانک نمودار ہونے والی دراڑوں نے لاوا اگلنا شروع کردیا تھا۔

ہوائی کی 'والکینو آبزرویٹری' کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے عرصے کے دوران علاقے میں درجنوں دراڑیں نمودار ہوچکی ہیں جہاں سے لاوا بہہ رہا ہے۔

ایسی ہی ایک دراڑ سے منگل کی شب کو فوارے کی صورت میں لاوا ابلنا شروع ہوگیا تھا جس کی بلندی 200 فٹ تک تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دراڑ سے فوارے کی صورت میں لاوا بدھ کی صبح تک نکل رہا تھا جس کا رخ علاقے سے گزرنے والی ایک مرکزی شاہراہ 'ہائی وے 132' کی جانب تھا۔

بعد ازاں یہ لاوا شمال کی جانب مڑ گیا تھا اور اب اس کا رخ اس علاقے کی جانب ہے جہاں 'ہائی 132' ایک اور مرکزی شاہراہ 'ہائی وے 137' سے ملتی ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے کی جانب سے بدھ کی صبح کیے جانے والے علاقے کے فضائی جائزے کے مطابق 'ہائی وے 137' سے محض نصف میل دور ایک دراڑ سے نکلنے والا لاوا 100 گز فی گھنٹہ کی رفتار سے شاہراہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ایک اور دراڑ سے بہنے والا لاوا دونوں شاہراہوں کے سنگم سے پونے تین میل دور ہے اور 600 گز فی گھنٹہ کی رفتار سے سڑک کی جانب بہہ رہا ہے۔

ہوائی کے کیلا وییا نامی آتش فشاں نے 4 مئی کو لاوا اگلنا شروع کیا تھا جس کے بعد سے اب تک زمین میں درجنوں مقامات پر دراڑیں پڑ چکی ہیں جن سے لاوا بہہ رہا ہے۔

لاوے سے اب تک کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے جب کہ حکام نے متاثرہ علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کے لیے مختلف مقامات پر کیمپ قائم کردیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG