رسائی کے لنکس

اٹلی: کرونا وائرس سے 366 افراد ہلاک، عوامی مقامات بند


اٹلی کی 50 ریاستوں میں سے 30 ریاستیں کرونا وائرس سے شدید متاثر ہیں۔ (فائل فوٹو)
اٹلی کی 50 ریاستوں میں سے 30 ریاستیں کرونا وائرس سے شدید متاثر ہیں۔ (فائل فوٹو)

یورپین ملک اٹلی میں کرونا وائرس سے اتوار کے روز ہونے والی 133 ہلاکتوں کے بعد اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 366 ہوگئی ہے۔ جبکہ پورے ملک میں 7 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اٹلی کی 50 ریاستوں میں سے 30 ریاستیں کرونا وائرس سے شدید متاثر ہیں۔ جن میں دارالحکومت وینس اور دنیا بھر میں فیشن کا مرکز سمجھا جانے والا شہر میلان بھی شامل ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اٹلی پولیس نے ریلوے اسٹیشنز کا چارج سنبھال لیا ہے اور اہم شاہراہوں پر آنے جانے والی گاڑیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

اطالوی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ اس سلسلے میں میلان آنے جانے والی تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے کو 233 ڈالرز جرمانہ یا تین ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔

اٹلی کے وزیرِ اعظم گسیپی کونٹے نے ملک بھر میں اسکولوں، میوزیم، نائٹ کلبس، جمز اور دیگر عوامی مقامات کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومتی اعلان کے مطابق قرنطینہ کا یہ دورانیہ تین اپریل تک جاری رہے گا۔

اٹلی میں شہریوں پر عائد کردہ پابندیاں چین کے بعد کسی بھی ملک میں عائد کردہ پابندیوں میں سخت ترین ہیں۔

امریکہ میں کرونا وائرس سے 30 ریاستیں متاثر

امریکہ کی ریاست سیاٹل میں اتوار کو کرونا وائرس سے دو ہلاکتوں کے بعد امریکہ میں اس وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 554 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

کرونا وائرس سے اب تک امریکہ کی 30 ریاستیں متاثر ہو چکی ہیں۔ جبکہ ریاست اوریگون میں بھی کرونا وائرس کے مریض سامنے آنے پر ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3119 ہو گئی

چین کی حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں میں کمی سامنے آنے کے بعد بنائے گئے عارضی اسپتالوں میں سے اکثر اسپتال بند کر دیے ہیں۔

چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'زنوا' کے مطابق ووہان شہر میں قائم کردہ 16 عارضی اسپتالوں میں سے 11 کو بند کر دیا گیا ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا پیر کے روز کہنا ہے کہ پورے ملک میں کرونا وائرس کے 40 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ جو کہ رواں سال جنوری سے سامنے آنے والی کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں سب سے کم ہے۔

کرونا وائرس کے نئے کیسز وسطی صوبے ہوبی سے سامنے آئے ہیں جب کہ اس وائرس سے ہونے والی 22 ہلاکتیں بھی اسی صوبے سے رپورٹ کی گئی ہیں۔

حالیہ 22 ہلاکتوں کے بعد چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3119 ہو گئی ہے اور 80700 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔

ووہان کی صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ 31000 مریض کرونا وائرس سے صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG