رسائی کے لنکس

کار کی پچھلی نشست پر حفاظتی بیلٹ باندھنا کتنا ضروری ہے؟


امریکہ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے صرف 57 فی صد افراد سفر کے دوران بیلٹ استعمال کرتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
امریکہ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے صرف 57 فی صد افراد سفر کے دوران بیلٹ استعمال کرتے ہیں۔ (فائل فوٹو)

امریکہ میں ہر سال گاڑی کی پچھلی نشست پر سیٹ بیلٹ باندھے بغیر سفر کرنے والے سیکڑوں افراد مختلف حادثات میں مارے جاتے ہیں۔

امریکہ میں 'گورنرز ہائی وے سیفٹی ایسوسی ایشن' کی طرف سے جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق سال 2018 میں 803 افراد سڑک حادثات میں محض اس لیے مارے گئے کہ انہوں نے گاڑی کی پچھلی نشست پر بیلٹ نہیں باندھا تھا۔

عمومی طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کار کی پچھلی نشست پر بیٹھ کر سفر کرنا ہے تو بیلٹ باندھنے کی ضرورت نہیں اور یہ صرف اگلی سیٹ پر بیٹھنے والوں کے لیے ضروری ہے۔

امریکہ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق گاڑیوں کی پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے صرف 57 فی صد افراد سفر کے دوران بیلٹ استعمال کرتے ہیں۔

امریکہ کی 31 ریاستوں میں اب بھی بالغ مسافروں کے لیے پچھلی نشست پر بیلٹ پہننے کا قانون موجود نہیں ہے۔

'ہائی وے سیفٹی ایسوسی ایشن' کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برس کے دوران لوگوں میں پچھلی نشست پر بیلٹ باندھنے کے رجحان میں معمولی فرق آیا ہے۔ اس لیے اس ضمن میں بہت کچھ کرنا ہوگا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کرنا بہت ضروری ہے تاکہ بیلٹ استعمال کرنے والوں کی شرح میں اضافہ ہوسکے۔ ریاستی قوانین بھی اس حوالے سے سخت کرنا ہوں گے اور ان پر عمل درآمد بھی یقینی بنانا ہوگا۔

'ہائی وے سیفٹی نارتھ' نامی ادارے کے عہدیدار ڈاکٹر جیمز لینڈ کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق اگرچہ نئی گاڑیوں میں حفاظتی تدابیر کے باعث اگلی نشستیں زیادہ محفوظ ہوگئی ہیں لیکن کار کی پچھلی نشست پر بیلٹ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد اب بھی بہت کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے چار برسوں میں صرف ریاست الاباما اور مسیسپی نے یہ قانون متعارف کرایا ہے جس کے تحت پچھلی نشست پر بیلٹ باندھے بغیر سفر نہیں کیا جاسکتا۔

رپورٹ میں ایسی سفارشات پیش کی گئی ہیں جن کے ذریعے سفر کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ ان سفارشات کے مطابق ریاستوں کو مضبوط قوانین منظور کرنا ہوں گے جب کہ کرائے پر لی جانے والی گاڑیوں میں مسافروں کے لیے بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانا اور اُنہیں فروغ دینا ہوگا۔

رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کو ایسا سسٹم بنانا ہوگا کہ جس سے پچھلی نشست پر بیٹھنے والے افراد کو بیلٹ باندھنے سے متعلق یاد دہانی کرائی جا سکے۔

XS
SM
MD
LG