رسائی کے لنکس

مراکش میں ڈرونز کے ذریعے کرونا وائرس کا مقابلہ


کرونا وائرس کی وبا کے دنوں میں ڈرون ایک اہم ٹیکنالوجی بن کر سامنے آیا ہے۔ شمالی افریقی ملک مراکش میں عالمی وبا کا مقابلہ کرنے لیے ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

مراکش میں ڈورنز صرف حکومتی ہدایات کے تحت ہی فلموں کی شوٹنگ، زراعت، شمسی پینل کی نگرانی اور نقشہ سازی کے لیے استعمال ہوتے ہیں لیکن اب یہی ڈورنز کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔

ڈرونز کے ذریعے کرونا سے متاثرہ علاقوں کی نگرانی کے علاوہ اس سے اسپرے اور عوامی اعلانات کے کام لیے جا رہے ہیں۔

مراکش میں مارچ سے جاری لاک ڈاؤن کی لوگ بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ رات کے وقت چھتوں پر اجتماعی عبادات جاری ہیں جب کہ گلی محلوں میں بھی لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکل رہے ہیں۔

حکام نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران دارالحکومت رباط سمیت مختلف شہروں میں لوگوں کی نگرانی سمیت گھروں کی چھتوں اور بالکونیوں میں عوامی اجتماعات کو منتشر کرنے کے لیے بھی ڈرون کا استعمال کیا تھا۔

اس غرض سے ملک میں ڈورنز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

پچھلے ہفتے دارالحکومت رباط کے قریب واقع قصبے تیمارا میں مقامی حکام نے ڈرون کی مدد سے فضائی نگرانی کا کام شروع کیا تھا۔

مراکشں بھی بیشتر ممالک کی طرح چینی ڈرون ہی استعمال کر رہا ہے جب کہ وبائی امراض سے متعلق نئی ایپلی کیشنز سامنے آنے کے بعد مقامی طور پر ان کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مراکش کی ایک کمپنی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کا پتا چلانے کے لیے تھرمل کیمروں سے لیس ایک ڈورن تیار کر رہی جس کی مدد سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

رباط کی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسفر کے ڈائریکٹر محسن بویا نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ ڈرون کے مختلف ماڈلز کی وسیع پیمانے پر تعیناتی سے قبل ملک بھر میں متعدد منصوبے جاری ہیں۔

تاہم مراکشی حکام ڈرون کے استعمال یا اس کی تعداد پر تبصرہ کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے چینی ڈرون کمپنی 'ڈی جے آئی' کے افریقہ میں ڈرون کی تقسیم کار کمپنی 'وے ماروک' کے سربراہ یاسین قاموس کے حوالے سے بتایا ہے کہ صرف چند ہفتوں میں ہی مراکش اور خطے کے دوسرے ممالک میں ڈورنز کی طلب میں تین گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

یاسین قاموس کا کہنا ہے کہ مراکش کی کمپنیاں کئی برسوں سے ڈرونز استعمال کر رہی ہیں جنہیں اکثر نگرانی کے مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG