رسائی کے لنکس

فلمی دنیا کی فلمی باتیں :عامر خان نے نئی فلم سائن کرلی


فلمی دنیا کی فلمی باتیں :عامر خان نے نئی فلم سائن کرلی
فلمی دنیا کی فلمی باتیں :عامر خان نے نئی فلم سائن کرلی

عامر خان جلد ہنی مون مناتے نظر ۔۔ ہمارا مطلب ہے عامر خان جلد ہنی مون ٹریولز پرائیویٹ لمیٹڈ کی نئی فلم میں نظر آئیں گے ۔ ہم نے سنا ہے یہ فلم ڈرامہ سسپنس ہے۔ فلم کا نام تو ابھی طے نہیں ہوا مگر سب کو ابھی سے فلم کی تفصیل کا انتظارہوگیا ہے ۔ اب آپ خود ہی اندازہ لگالیجئے کہ کیوں۔۔ ارے بھئی عامر کی ہر فلم ایک دھماکا ہوتی ہے۔ تارے زمین پر۔۔۔گجنی۔۔۔تھری ایڈیٹس!!سب دھماکے دار فلمیں تھیں پھر وہ ہر فلم میں نیا اور انوکھا جو کرتے ہیں۔۔۔ اب اس نئی فلم میں کیا ہوگا، اسی کا سب کو انتظار رہے گا۔

تھری ایڈیٹس کی ریلیز کے دس مہینے بعد عامر نے یہ نئی فلم سائن کی ہے۔ ادیتہ چوپڑا، انوراگ کرشپ، کرن جوہر، جان میتھیواور راج کمار سنتوشی سمیت کئی فلم بنانے والے عامر کو اپنی اپنی فلموں کے لئے گھسیٹ رہے تھے مگر عامر نے کھونٹا پکڑا بھی تو کس کا۔۔فلمساز و ہدایت کار ریما کاگتی کا۔۔ کہتے ہیں کہ فلم کی شوٹنگ فروری میں شروع ہوگی۔ فلم کے دیگر کرتا دھرتاوٴں میں فرحان اختر اور زویا اختر کے نام شامل ہیں۔

رانی مکھرجی یش راج سے ناراض ہوگئیں

رانی مکھرجی ۔۔۔ بڑے بڑے نینوں والی رانی مکھرجی ۔۔۔ سنا ہے آج کل یش راج کیمپس سے ناراض ہیں۔۔۔! حالانکہ یش راج فلمز تو رانی مکھرجی کا پسندیدہ ادارہ ہے۔ خیر چھوڑیئے پسند نہ پسند کو اور ناراضگی کی وجہ جان لیجئے، اور وہ یہ ہے کہ یش راج فلمزنے رانی مکھر جی کے بجائے اپنی نئی فلم کے لئے کسی اور کو سائن کرلیا ہے۔ رانی کو افسوس اس بات کا ہے کہ باہر والوں نے تو انہیں لینا چھوڑ ہی دیا ہے اب ان کا 'گھریلو' بینر بھی ان کے ساتھ غیریت برتنے لگا ہے۔ چچ۔۔چچ۔۔چچ۔۔بالی ووڈ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اب رانی کو یہ بات تسلیم کرلینی چاہئے کہ ان کے دن اب لد گئے۔۔۔ اب شادی کرکے گھریلو ذمے داریوں کو سنبھالنے کا وقت آگیا ہے۔ دیکھنا اب یہ ہے کہ رانی کب تک اس خوش فہمی میں رہیں گی کہ وہ سب کی چہیتی ہیروئن ہیں۔

فلم ' آکروش' اور 'ناک آوٴٹ' ناکام ہوگئیں

اب ہوجائے کچھ نئی فلموں کی باتیں ۔۔۔ ریلیز سے پہلے فلم 'آکروش 'اور 'ناک آوٴٹ' کا بڑا شور تھا مگر افسوس دونوں ہی فلمیں شائقین کے انتظار انتظار میں ٹھنڈی ہوگئیں۔ دونوں فلموں کو دسہرے اور دیوالی جیسے بڑے تہوار پر ریلیز کیا گیا تھا کہ ان دنوں زیادہ فلمیں دیکھی جاتی ہیں مگر کیا کریں جی۔۔۔ دیکھنے والوں کا اپنا معیار ہوتا ہے اور یہ دونوں ہی فلمیں فلاپ ثابت ہوئیں۔

گزشتہ ہفتے کی ٹاپ فائیو فلمز

مایوس نہ ہوں۔۔ فلاپ فلموں کی بات کی ہے تو کامیاب فلموں کے بارے میں بھی سن لیجئے ۔ ایک دو نہیں اس ہفتے کی ٹاپ فائیو رہنے والی فلمیں ۔۔۔نمبر ایک پر رہی کروک، دو پر روبوٹ، تین پر انجانہ انجانی، چار پر دو دنی چار اور پانچ پر رہی دبنگ۔۔۔!!

گزشتہ ہفتے پسند کئے جانے والے ٹاپ فائیو گانے

فلم 'انجانہ انجانی' ۔۔۔نے ٹاپ فائیو گیتوں میں جگہ بنائی اور اس ہفتے اسکے تین گانے ٹاپ فائیو میں نمبر ون ، چار اور پانچ پر چھائے رہے۔ سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا گانا رہا 'تجھے بھلادیا ' نمبر تین پر رہا گول مال تھری کا ٹائیٹل سانگ۔۔۔گول مال۔۔۔!!!!جبکہ چار پر رہا انجانہ کا ٹاٹیٹل سانگ اب رہ گیا نمبر دو تو دو نمبرپر رہا فلم ایکشن ری پلے کا۔۔'زور کا جھٹکا۔۔۔

تنوشری کو چیلنج کا سامنا

تنو شری دتہ کو آنے والے دنوں میں ایک چیلنج کا سامنا ہوگا۔ انہیں ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ مس انڈیا کا خطاب جیت کر فلموں میں آنے کا ان کا فیصلہ درست تھا یا نہیں۔ دراصل جس فلم کے سہارے تنوشری اپنے فلمی کئیریر کو سرخیوں میں لانے کا پلان بنائے بیٹھیں تھیں وہ خاصے طویل عرصے کے بعد آخر کار ریلیز کے لئے تیار ہے۔ بات ہورہی ہے فلم ' راما۔۔دی سوینبر کی!!فی الحال ان کے پاس یہی وہ واحدفلم ہے جس کے ذریعے وہ دوبارہ خود کو منواسکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ جہاں بھی ہوں اس فلم کی تعریفیں اور پبلسٹی شروع کردیتی ہیں۔ اب وہ کریں بھی تو کیا کریں۔ ان کی جھولی میں اس وقت یہی ایک فلم ہے اور اگر وہ بھی فلاپ ہوگئی تو سمجھئے تنو شری کے کیئریر کو بھی بریک لگ گیا۔

ودیا بالن اب کریں گی کامیڈی

جی ہاں !!ودیا جی سنجیدہ اداکاری سے بور ہو کر اب مزاحیہ اداکاری کرنے کا ٹھان چکی ہیں۔ انہوں نے ملیالم فلم ارومی بھی سائن کرلی ہے جس میں وہ آئٹم ڈانس بھی کریں گی۔ ان دنوں وہ اپنے لئے مزاحیہ کردار تلاش کررہی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ سنجیدہ اداکاری کے ساتھ ساتھ مزاحیہ اداکاری میں بھی قسمت آزما لی جائے آخری اس میں حرج ہی کیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم گول مال ان کی آل ٹائم فیورٹ فلم ہے۔ انہیں اسی قسم کی ایک فلم کا انتظار ہے۔ لگتا ہے کہ وویا ان ہیروٴنوں کو سبق سکھانا چاہتی ہیں جو یہ کہتی ہیں کہ ودیا صرف سنجیدہ کردار ہی کرسکتی ہے۔ ویسے ہمارا مشور ہ ہے کہ ودیا جی ذرا سنبھل کر کہیں ایسا نہ ہو کہ دوسروں کو سبق سکھانے کے چکر میں مزاحیہ کرداروں کے چکر میں کہیں سنجید ہ فلموں سے بھی ہاتھ نہ دھونے پڑجائیں!!!

XS
SM
MD
LG