رسائی کے لنکس

فلم تھری ایڈئیٹس تنازعات کے نرغے میں


"Three Idiots" poster
"Three Idiots" poster

عامر خان کی نئی فلم میں چھوٹے طلبا کو تنگ کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ ہم فلم دیکھ کر کریں گے: مہاراشٹر حکومت

حال ہی میں مہاراشٹر حکومت نے سپرہٹ بالی وڈ فلم تھری ایڈیئٹس دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ کیا عامر خان کی نئی فلم میں کالج ریگنگ کو بڑھاوا دیا گیا ہے یا نہیں۔ اگر فلم میں ریگنگ کو فروغ دینے کے ثبوت پائے گئے تو حکومت بھارتی سنسر بورڈ سے اُن مناظر کو فلم سے کاٹنے کا مطالبہ کرے گی۔

عالمی سطح پر سنیما گھروں میں ریلیز کے دوسرے ہفتے میں باکس آفس پر اب تک 240 کروڑ روپیے کا ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی فلم تھری ایڈیئٹس اِن دنوں اپنی کامیابی سے زیادہ تنازعات کے سبب مسلسل سرخیوں میں بنی ہوئی ہے۔


واضح رہے کہ اتوار کے دن ممبئی کے کِنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال کے میڈیکل کالج کے 18 طلبا کو نئے سال کی پارٹی میں اپنے سے چھوٹی جماعتوں کے طلبا کوتنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ریگنگ کرنے والے مستقبل کے ڈاکٹروں کو پیر کے روز ضمانت تو مل گئی تاہم سیاسی جماعت بی جے پی سمیت کچھ لوگوں نے یہ اعتراض کیا کہ فلمساز ودھو ونود چوپڑا کی نئی فلم تھری ایڈیئٹس میں ریگنگ کے مناظر کو دیکھ کرہی ہاسٹل میں ریگنگ کا واقع پیش آیا ہے۔

جس کے بعد طبی تعلیم کے وزیر وجے کمار گاوِت نے ممبئی میں کہا ” ہم فلم تھری ایڈیئٹس کو دیکھنے کے بعد ہی آئندہ کاروائی کریں گے”۔


راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنی ہوئی فلم تھری ایڈیئٹس میں عامر، شرمن جوشی اور مادھون نے آئی آئی ایم میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کا کردار کیا ہے۔ فلم کے ایک منظر میں ہاسٹل کے سِنیئر طلباء شرمن اور مادھون سمیت جونیئر طلباء کی ریگنگ کے نام پر انہیں ہراساں کرتے ہیں۔


واضح رہے کہ بھارت کے انجینیئرنگ اور میڈیکل کالجوں میں نئے طلباء کو پریشان کرنا ایک عام بات ہے۔ اتر پردیش اور مہاراشٹر میں تو ریگنگ قابل سزا جرم ہے۔ حالانکہ اِس تنازع کے منظر عام پر آنے سے پہلے ہی عامر اور ودھو ونود چوپڑا یہ بیان دے چکے تھے کہ اُن کی فلم میں ریگنگ کو بالکل فروغ نہیں دیا گیا ہے۔

مگر ریاستی حکومت کے فلم دیکھ کر ریگنگ کے سین پر فیصلہ لینے کی خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے فلم تھری ایڈیئٹس کے ہدایت کار ہیرانی نے کہا کہ اُن کی فلم کے مرکزی کردار رانچو کو فلمی پردے پر ریگنگ کی مخالفت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور فلم کسی بھی زاویے سے نوجوان نسل کو ریگنگ کے لیے نہیں اکساتی ہے۔

XS
SM
MD
LG