رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان


کراچی میں بھتہ خوروں کےمعاملے نے حکمراں جماعت پیپلزپارٹی اورحلیف ایم کیو ایم کے اتحاد کو ایک مرتبہ پھر گہنا دیا ہے۔ ایم کیو ایم نے ہفتہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیاہے جس میں صدر زرداری خطاب کریں گے، جبکہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اسے منانے کیلئے کوشاں ہے ۔

جمعہ کو ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ہفتہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر آصف علی زرداری کے خطاب کے وقت کوئی بھی رکن اسمبلی ایوان میں نہیں ہو گا ۔ اس سے قبل سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی ایم کیو ایم کے اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا تھا ۔

ادھر تاجر برادری نے ہفتہ کو کراچی میں کاروبار بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔ ایم کیو ایم نے بھی تاجروں سے اظہار یکجہتی کیلئے اس امر حمایت کی ہے ۔

دوسری جانب پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر، صدراور دیگر سے ان کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تحریک انصاف سندھ کے صدر نعیم الحق نے بھی میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ وہ بھتہ خوری کے خلاف تاجر وں کے احتجاج میں بھر پور شرکت کریں گے ۔

دوسری جانب بعض میڈیا ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ صدر آصف علی زرداری نے اس تمام تر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے معاملات کو سلجھانے کیلئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو متحرک کر دیا ہے ۔ بعض میڈیا اطلاعات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے خود بھی ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ کیا۔ تاہم، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ان خبروں کی تردید کی ہے ۔

XS
SM
MD
LG