رسائی کے لنکس

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سلیم شہزاد گرفتار


ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے سلیم شہزاد کو حراست میں لیا اور بکتر بند گاڑی میں بیٹھا کر انہیں ائیرپورٹ کی حدود سے باہر لے گئے ۔

متحدہ قومی موومنٹ کے جلا وطن رہنما سلیم شہزاد کو پیر کی صبح وطن واپسی پر کراچی ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔ کراچی پولیس کے سربراہ مشتاق مہر نے گرفتاری کی تصدیق کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن عاصم قائم خانی نے میڈیا کو بتایا کہ سلیم شہزاد پیر کی صبح برطانوی پاسپورٹ پر وطن واپس آئے تو ان کے سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی تاہم امیگریشن کے فوری بعد انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے سلیم شہزاد کو حراست میں لیا اور بکتر بند گاڑی میں بیٹھا کر انہیں ائیرپورٹ کی حدود سے باہر لے گئے۔

سلیم شہزاد پولیس کو بارہ مقدمات میں مطلوب ہیں تاہم انہیں جس مقدمے میں گرفتار کیا گیا وہ جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر وطن سے فرار ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن عاصم قائم خانی کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس سے سلیم شہزاد کی کلیئرنس مانگی گئی تھی تاہم انہیں کلیئرنس نہ مل سکی۔

سلیم شہزاد، ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی تفتیش کے سلسلے میں بھی پولیس کو مطلوب ہیں، ان پر الزام ہے کہ وہ دہشت گردوں کے علاج کرانے میں معاونت فراہم کرتے رہے تھے۔

ادھر سلیم شہزاد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر پاکستان آئے ہیں ’’مجھے پرانے ساتھیوں سے لاتعلق ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کینسر کے مریض ہیں اور کیموتھراپی کرا رہے ہیں۔

ایس ایس پی راؤانوار کے مطابق سلیم شہزاد پرضلع وسطی اور ضلع شرقی کےتھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔

سلیم شہزاد کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG