رسائی کے لنکس

کراچی: ضمنی انتخابات، 2 نشستوں پر ایم کیو ایم کی جیت


غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق، پی ایس 106 کی نشست سید محمد قمر عباس رضوی نے 11375 ووٹوں سے جیت لی، جبکہ پی ایس 117 پر محفوظ یار ایڈووکیٹ 18147 ووٹوں کے ساتھ یہ نشست جیتنے میں کامیاب رہے

متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی کی دو نشستوں پر جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق، پی ایس 106 کی نشست سید محمد قمر عباس رضوی نے 11375 ووٹوں سے جیت لی، جبکہ پی ایس 117 پر محفوظ یار ایڈووکیٹ 18147 ووٹوں کے ساتھ یہ نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل جمعرات کو صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک ضمنی انتخابات کے تحت ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی اور کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کی ہمشیرہ سائرہ بانو نے الطاف حسین حالی اسکول میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جب سے میرے ووٹ کا اندراج ہوا ہے میں باقاعدگی سے ووٹ ڈال رہی ہوں۔ امید ہے آج کے انتخابات میں بھی ایم کیو ایم کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا‘‘۔

اپنے بھائی الطاف حسین سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ’’اللہ تعالیٰ انہیں ہمیشہ اپنے مقصد میں کامیابی عطا کرتا رہا ہے۔ دعا ہے آئندہ بھی کامیاب کرے اور انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے، تاکہ وہ قوم کے حقوق کیلئے کام کرسکیں‘‘۔

پی ایس 106 میں متحدہ قومی موومنٹ کے محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، پیپلز پارٹی کے سردار عبدالصمد اور پی ٹی آئی کے نصرت انوار سمیت 14 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا؛ جبکہ پی ایس 117 میں ایم کیو ایم کےمیجر (ر) سید محمد قمر عباس رضوی، پیپلز پارٹی کے جاوید مقبول اور پی ٹی آئی کے رفاقت عمر سمیت 12 امیدوار مد مقابل تھے۔

پی ایس 106 کی نشست افتخار عالم اور پی ایس 117 کی نشست ڈاکٹر صغیر احمد کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ان دونوں رہنمائوں نے مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی ضمنی انتخابات میں کامیابی کا تسلسل برقرار ہے۔ آج سے قبل اپریل کے پہلے ہفتے میں کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 115 کے ضمنی انتخابات بھی متحدہ قومی موومنٹ جیتی تھی، جبکہ این اے 246 کی نشست بھی اسی کا مقدر بنی تھی۔

XS
SM
MD
LG