رسائی کے لنکس

پی ایس ایل: ملتان سلطانز پلے آف مرحلے میں پہنچے والی پہلی ٹیم


پی ایس ایل میں شامل چھ ٹیموں میں سے دو کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے اور ابتدائی چار ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی۔ (فائل فوٹو)
پی ایس ایل میں شامل چھ ٹیموں میں سے دو کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے اور ابتدائی چار ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ (پی ای ایل) سیزن فائیو کے میچز اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ ملتان سلطانز وہ پہلی ٹیم ہے جس نے سب سے پہلے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ دیگر ٹیموں کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

پی ایس ایل میں شامل چھ ٹیموں میں سے دو کو ایونٹ سے باہر ہونا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر ابتدائی چار ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی۔

گروپ میچز کے اختتام پر اگلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل کی ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان پلے آف میچ ہو گا جس میں کامیاب ہونے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ جب کہ ناکام ہونے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچ کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم پلے آف میچ میں ناکام ہونے والی ٹیم کے ساتھ کھیلے گی اور کامیاب ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز وہ واحد ٹیم ہے جس کے 12 پوائنٹس ہیں اور اس کے مزید دو میچز باقی ہیں جس میں شکست کی صورت میں بھی ملتان پلے آف مرحلہ کھیلے گی۔

ملتان نے ایونٹ میں آٹھ میچز میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ دو میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہونے پر اسے ایک پوائنٹ ملا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اگر مگر

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور وہ اب تک پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات پوائنٹس ہیں اور اس کے پاس صرف ایک میچ باقی ہے۔ ناکامی کی صورت میں کوئٹہ ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جب کہ کامیابی کی صورت میں اُسے دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا۔

پشاور زلمی اس وقت نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے پاس ایک میچ باقی ہے۔ اگر زلمی نے اپنے آخری میچ میں کامیابی حاصل کی تو وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔ اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے قلندرز کے پاس دو میچز ہیں جس میں سے ایک کامیابی بھی اسے اگلے مرحلے میں پہنچا دے گی۔

پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل دو مرتبہ اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ مشکلات سے دو چار ہے۔ ٹیبل پر اس کے سات پوائنٹس ہیں اور اس کے پاس صرف ایک میچ باقی ہے۔ ناکامی کی صورت میں اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے باہر ہو جائے گی اور میچ جیتنے کی صورت میں اسے دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج کا انتظار کرنا ہو گا۔

کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں سب سے کم میچز کھیلے ہیں۔ سات میچز میں سے کنگز کو تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا رہا اور ایک میچ بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا۔

کراچی کو پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے دو کامیابیاں درکار ہیں۔ ایک میچ میں کامیابی کی صورت میں کراچی کو دیگر ٹیموں کے نتائج اور رن ریٹ پر انحصار کرنا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG