رسائی کے لنکس

کیا منیر اکرم اور مسعود خان اپنے عہدے سےمستعفی ہوگئے؟


اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، منیر اکرم (فائل فوٹو)
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، منیر اکرم (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان مستعفی ہوگئے، لیکن نئی حکومت میں بھی بدستور اپنے عہدے پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد بھی وہ بدستور کام جاری رکھیں گے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے مطابق تجربہ کار سفارتکار منیر اکرم کی ان کے عہدے پر تعیناتی کنٹریکٹ کی بنیاد پر تھی اس لیے کنٹریکٹ کے تقاضوں کے مطابق نئی حکومت کے قیام کے بعد انھوں نے اپنا استعفی پاکستانی وزارت خارجہ کو روانہ کردیا گیا تھا، جس کے جواب میں انھیں اپناکام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مشن کے مطابق سترہ مئی کو پاکستان کے نئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو یوکرین پر اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ رہے ہیں۔ منیر اکرم ان کے انتظامات میں مصروف ہیں اور اس ذمہ دار منصب پر کسی تبدیلی کے کوئی آثار موجود نہیں ہیں۔

دوسری جانب واشنگٹن میں حال ہی میں تعینات کیے گئے سفیر مسعود خان کی تقرری بھی کنڑیکٹ کی بنیاد پر ہوئی؛ لہذا کنٹریکٹ تقاضوں کے مطابق وہ بھی اپنے عہدے سے مستعفی تصور کیے جارہے تھے، لیکن نئی حکومت میں بھی بدستور وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور واشنگٹن میں بھی کسی تبدیلی کا اشارہ نہیں ہے۔

پاکستان کے ایک سنیئر ریٹائرڈ سفارتکار علی سرور نقوی نے وی او اے کو بتایا کہ کنٹریکٹ قائدے کے مطابق دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیر جنھیں کنٹریکٹ کی بنیاد پر مقرر کیا گیا ہو نئی حکومت کے قیام کے بعد مستعفی تصور کیے جاتے ہیں اور جب تک نئی حکومت انھیں کام جاری رکھنے کو نہ کہے وہ کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں کنٹریکٹ سفیر کو نئی حکومت کے قیام پر استعفی دینے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی تھی بلکہ وہ از خود مستعفی تصور کیے جاتے تھے جب تک حکومت انھیں کام جاری رکھنے کو نہ کہے۔

اقوام متحدہ میں گزشتہ چالیس برسوں سے صحافتی فرائض انجام دینے والے سنیئر صحافی افتخار چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ یو این مشن میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بدستور اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، حالانکہ کنٹریکٹ پر مقرر کیے جانے والے ہر سفیر کو نئی حکومت کے قیام پر استعفی دینا پڑتا ہے۔

پاکستان کے ایک اور سابق سفارتکار ظفرہلالی نے بھی وی او اے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد کنٹریکٹ پر مقرر کیے گئے ہر سفارتکار کو استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔ یہ کنٹریکٹ کا تقاضا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یواین مشن اور واشنگٹن کے علاوہ آذربائیجان میں پاکستانی سفیر کنٹریکٹ پر مقرر ہیں اور نئی حکومت کے قیام کے بعد تینوں سفراء مستعفی ہوئے، لیکن تینوں اپنی جگہوں پر بدستور کام کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG