رسائی کے لنکس

واشنگٹن: مسلم یوتھ ایسو سی ایشن کا ’واک فور اے کاز‘


واشنگٹن ڈی سی کے چند مؤقر اداروں کے تعاون سے، ہفتے کو ’احمدیہ مسلم یوتھ ایسو سی ایشن (اے ایم وائی اے)‘ کے زیر اہتمام شہر میں پانچواں سالانہ ملک گیر ’واک ‘منعقد کیا گیا، جس کا مقصد غربت کے شکار افراد کو مدد فراہم کرنے کے لیے چندہ جمع کرنا تھا۔

ادارے کے سربراہ، ڈاکٹر بلال رانا کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’’ہمارا مذہب ہمیں درس دیتا ہے کہ امن کو فروغ دیا جائے، صرف زبانی کلامی نہیں بلکہ عملی طور پر اقدام کرکے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ اس کا بھرپور مظاہرہ ہفتے کے روز ہونے والی چہل قدمی میں شریک مرد و زن کی دلچسپی کی صورت میں سامنے آیا، جس میں بارانی موسم کے باوجود، سینکڑوں افراد، جن میں خصوصی طور پر نوجوان شامل تھے، شریک ہوئے۔

کارِ خیر کے مقصد کے حصول کے لیے یہ چہل قدمی روک کریک پارک، نارتھ ویسٹ، واشنگٹن ڈی سی میں ہوئی۔

شرکا نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ مسلمان امریکی کمیونٹی معاشرے کے بہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے، جس کا عملی مظاہرہ آج دیکھا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں واک میں شریک ہونے والوں نے بتایا کہ امریکہ نے دنیا بھر کے تارکینِ وطن کو سب سہولیات دی ہیں، اور معاشرہ اُن کی صلاحتوں کا نہ صرف معترف ہے، بلکہ باصلاحیت افراد کو روزگار کے اچھے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ادارہ سال 2012 سے اب تک سالانہ واک کے انعقاد کے ذریعے 200000 ڈالر سے زائد رقم جمع کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG