رسائی کے لنکس

’پاک سرزمین پارٹی‘ کو جلسے کی اجازت مل گئی


اس بات کا اعلان خود مصطفیٰ کمال نے جمعہ کو کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اجازت ملنے کے ساتھ ہی انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے، تاکہ عوام سے رابطہ بڑھے

کراچی ... مصطفیٰ کمال کی تشکیل کردہ نئی جماعت ’پاک سرزمین پارٹی‘ کو بالآخر باغ جناح میں 24 اپریل کو پہلے جلسے کی اجازت مل گئی۔

اس بات کا اعلان خود مصطفیٰ کمال نے جمعہ کو کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اجازت ملنے کے ساتھ ہی انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے، تاکہ عوام سے رابطہ بڑھے۔

ایک سوال کے جواب میں مصطفیٰ کمال نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے انہوں نے ایک روز پہلے ہی درخواست دی ہے جس پر کمیشن نے ان سے کچھ مزید کوائف جمع کرانے کے لئے کہا ہے۔ انہیں امید ہے کہ اگلے ہفتے کے دوران قوانین کے مطابق، پاک سرزمین پارٹی رجسٹرڈ ہوجائے گی۔

رابطہ مہم کے سلسلے میں مصطفیٰ کمال نے آج نارتھ ناظم آباد اور اورنگی ٹاوٴن کے کچھ علاقوں کا دورہ کیا۔

اورنگی نمبر پانچ میں لوگوں کی ایک بڑے تعداد انہیں دیکھنے اور ان سے ملنے کے لئے جمع ہوگئی جس سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائیوں سے ملنے آئیں ہیں۔ ان کے مسائل کا انہیں بخوبی علم ہے اور وہ جلد ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاوٴن کے رہائشیوں کو پانی اور شناختی کارڈ کے مسائل درپیش ہیں۔ ان کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اورنگی ٹاوٴن کے تمام رہائشی افراد کو 24 اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

جمعہ کی شام ہی انہوں نے نارتھ ناظم آباد کے بھی کچھ علاقوں کا دورہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق، وہ میٹرک بورڈ آفس پہنچے تو لوگوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔

XS
SM
MD
LG