رسائی کے لنکس

میانمار روہنگیا مسلمانوں کے قتل کی خبروں کی تحقیقات کرے: پاکستان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور اس برادری کے افراد کی نقل مکانی سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، میانمار کی حکومت سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور اُن کی جبری گمشدگی سے متعلق خبروں کی اگر تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ شدید تشویش کا باعث ہیں۔

بیان میں میانمار کی حکومت پر زور دیا گیا کہ اس معاملے کی تحقیقات اور روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے کہا گیا کہ پاکستان عالمی برادری بالخصوص مسلمان ممالک کی تنظیم ’او آئی سی‘ کے ساتھ مل کر روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرے گا۔

حال ہی میں میانمار کے عسکری عہدیداروں نے کہا تھا کہ راخائین کی ریاست میں گزشتہ ہفتے تشدد کے واقعات میں تقریباً 400 افراد مارے گئے جن میں سے اکثریت روہنگیا 'باغیوں' کی تھی۔

جب کہ روہنگیا مسلمان برادری نے کہا کہ ان کے دیہات پر ہونے والے حملوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کم از کم 38 ہزار افراد میانمار سے فرار ہو کر بنگلادیش نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں اکثریت کاتعلق روہنگیا برادری سے ہے۔

میانمار کی حکومت روہنگیا برادری کے خلاف تشدد کے الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG