رسائی کے لنکس

سندھ کے سیکرٹری بلدیات کے اسسٹنٹ کے گھر سے تین کروڑ کی کرنسی برآمد


محکمہ لوکل گورنمٹ کے اسسٹنٹ کے گھر سے برإٓمد ہونے والی کرنسی۔ 19 اپریل 2018
محکمہ لوکل گورنمٹ کے اسسٹنٹ کے گھر سے برإٓمد ہونے والی کرنسی۔ 19 اپریل 2018

پاکستان میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کی روک تھام کے ادارے نیب نے کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ کے ذاتی اسسٹنٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر تین کروڑ روپے سے زائد ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان نیب کے مطابق قومی احتساب بیورو نے کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 3 کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ کی خطیر نقد رقم برآمد کرلی۔ نقد رقم میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

اسی گھر سے 18 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے پرائز بانڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ذاتی اسسٹنٹ کے گھر سے سو تولے سونا، قیمتی گھڑیاں اور دیگر قیمتی اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔

سندھ کے سیکرٹری بلدیات کے پرسنل اسسٹنٹ رمضان سولنگی کو بدھ کے روز ان کے دفتر سے بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نیب عدالت نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر رکھا ہے۔ تفتیش کے دوران رمضان سولنگی کی نشاندہی پر ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

نیب حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم مختلف محکموں کے عہدے داروں سے لاکھوں روپے ماہانہ رشوت بھی وصول کرتا تھا۔

اس بات کا بھی پتا چلا ہے کہ ملزم بااثر شخصیت کے لئے کام کرنے والے گینگ کا حصہ تھا اور محکمہ بلدیات کو ملنے والا سرکاری فنڈ خردبرد کیا جاتا رہا ہے۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔ جس کے نتیجے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل مئی 2016 میں کوئٹہ میں ایک کارروائی کے دوران سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر سے 73 کروڑ روپے برآمد کی تھی۔ مشتاق رئیسانی کے خلاف مالی بدعنوانی کا مقدمہ کوئٹہ کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

XS
SM
MD
LG