رسائی کے لنکس

پاپ اسٹار ندیم عباس کی ’لو اسٹوری‘ بھی ریلیز ہوگئی


’لواسٹوری‘ پاپ سانگ ہے جس میں لوک موسیقی کا بھی ٹچ موجود ہے۔اس کے بول خود ندیم عباس نے لکھے ہیں۔ گانے میں لاہو ر شہر کی خوبصورتی کو جابجا دیکھا جاسکتا ہے۔ندیم عباس ’لواسٹور ی‘ میں گینگسٹر کے روپ میں نظر آرہے ہیں

پاپ اسٹار ندیم عباس کی ’لو اسٹوری‘ بھی ریلیز ہوگئی۔۔۔ارے ۔۔ارے ۔۔ہماری مراد وہ نہیں ۔۔ بلکہ ان کے نئے سانگ ’لواسٹوری‘ سے ہے۔

اس ’لو اسٹوری‘ نے ریلیز کے وقت لاہور میں وہ نام کمایا کہ لالی ووڈ فلموں کی جانی پہچانی شخصیات۔۔جیسے سنگیتا اور حمیرا ارشد۔۔ تمام مصروفیات ایک طرف کرکے اس کی خصوصی ویڈیو اسکریننگ میں شریک ہونے چلی آئیں۔

سنگیتا اور حمیرا کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا ہو یا میوزک کو ہمیں آپ کبھی پیچھے نہیں پائیں گے۔

ایونٹ کا اہتمام کرنے والے ادارے ’پچ میڈیا‘ نے وائس آف امریکہ کو اس تقریب کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’لواسٹوری‘ پاپ سانگ ہے جس میں لوک موسیقی کا بھی ٹچ موجود ہے۔اس کے بول خود ندیم عباس نے لکھے ہیں، جبکہ ویڈیو کو عدیل پی کے نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

گانے میں لاہو ر شہر کی خوبصورتی کو جابجا دیکھا جاسکتا ہے ۔ندیم عباس ’لواسٹوری‘ میں گینگسٹر کے روپ میں نظر آرہے ہیں ۔ یہ گینگسٹر ایک لڑکی کے عشق میں گرفتار ہوکر برے کاموں سے توبہ کرتا ہے لیکن انجام کیا ہوتا ہے وہ آپ کو اس گانے کی ویڈیو دیکھ کر معلوم ہوگا۔

ندیم عباس نے کہا کہ میری ’لواسٹوری‘ میرے عوام کیلئے ہے۔ اس کی ٹیون اور بول بہت ہی ’کیچی‘ ہیں۔ مجھے بذات خود یہ گانا گاکر بہت مزا آیا۔‘

وہ مزید کہتے ہیں کہ، ’میں سمجھتا ہوں کہ سولو سانگز سنگر کو اپنی صلاحیتیں پوری طرح استعمال کرنے اور عوام کے سامنے لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں جبکہ تیز پاپ موسیقی سب کو اپنی طرف کھینچنے کا ہنر رکھتی ہے۔ میں نے اپنے اب تک گائے ہوئے تمام گانوں میں یہی کوشش کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی آواز پہنچا سکوں۔‘

’اپنے چاہنے والوں کا میں شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ مجھے پیار دیا، مجھے سپورٹ کیا۔ مجھے امید ہے کہ نیا گانا ’لواسٹوری‘ بھی لوگوں کو پسند آئے گا اور لوگ اس گانے کا بھی پرجوش انداز میں استقبال کریں گے جیسا انہوں نے میرے پہلے گانوں کے وقت کیا تھا۔‘

’لواسٹوری‘ بہت جلد تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ڈاوٴن لوڈ کیا جاسکے گا۔ فی الوقت یہ ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر سناجارہا ہے جبکہ لاہور بھر میں گانے کی پروموشن کے لئے جگہ جگہ بل بورڈز لگے ہیں ۔

ندیم کا ایک لائیو کنسرٹ بھی تقریباً طے تھا لیکن سانحہ پشاور اور دیگر واقعات کے پیش نظر فی الحال حالات معمول پر آنے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

ندیم کہتے ہیں کہ’میری دعا ہے ملک کے حالات جلد بہتر ہوں اور ہمیں دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے سے نجات ملے۔‘

ندیم نے بہت کم عمر میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ انہیں گانے کا فن اپنے والد اللہ دتہ لونی والا سے وراثت میں ملا ہے۔ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی کئی بار پرفارم کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG