رسائی کے لنکس

بلاول، محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے خارج


بلاول بھٹو زرداری، محسن داور اور علی وزیر۔ فائل فوٹو
بلاول بھٹو زرداری، محسن داور اور علی وزیر۔ فائل فوٹو

پاکستان کی وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور پختون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں علی وزیر اور محسن داوڑ کے نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکال دیے ہیں۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ پی ٹی ایم رہنماؤں کے نام سیکورٹی اداروں کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کئے گئے تھے۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری سے چھ اراکین پارلیمنٹ کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے تھے جن میں سے تین اراکین اسمبلی بدستور فہرست پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اراکین اسمبلی کے نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کو حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کارروائیاں قرار دیتے ہیں جبکہ حکومت ان اقدامات کو قانونی ضروت کہتی رہی ہے۔

جب وزیر داخلہ سے پوچھا گیا کہ کیا اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے تو اُنہوں نے جواب میں تحریری طور پر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ کابینہ کی منظوری سے چھ اراکین قومی اسمبلی کے نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کئے گئے تھے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے گئے اراکین اسمبلی میں سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر اور محسن داوڑ کے علاوہ مسلم لیگ ( ن) کے خواجہ سعد رفیق اور محمد افضل کاکڑ شامل ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ سفری پابندیوں کی فہرست سے بلاول بھٹو زرداری، علی وزیر اور محسن داوڑ کے نام نکال دیے گئے ہیں جبکہ آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق اور افضل کاکڑ کے نام بدستور ای سی ایل میں شامل ہیں۔

وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام حکومت اور سیکورٹی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر پر ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔ ان کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے نام ایف آئی اے کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیے گئے تھے جبکہ خواجہ سعد رفیق کا نام نیب کی سفارش پر فہرست میں شامل کیا گیا۔

حکومت نے ای سی ایل میں ڈالے گئے 461 افراد کی فہرست بھی قومی اسمبلی میں پیش کی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیٹن صفدر کے نام نمایاں ہیں۔ وزیر داخلہ نے اپنے جواب میں بتایا کہ یہ تمام نام وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر نے اپنے نام ای سی ایل میں شامل کیے جانے پر قومی اسمبلی میں ایک تحریک استحقاق جمع کروائی تھی جب کہ اس سلسلے میں انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا معاملہ کابینہ میں زیر بحث آیا تھا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کا نام جلد بازی میں سفری پابندی کی فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG