رسائی کے لنکس

بھارتی وزیرِ اعظم کا دورۂ سعودی عرب، اہم معاہدے متوقع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر پیر کو ریاض روانہ ہوں گے جہاں وہ اعلیٰ سعودی عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان 12 معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔

نریندر مودی سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے ساتھ ملاقات کے علاوہ ولی عہد محمد بن سلمان سے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔

سعودی عرب میں بھارت کے سفیر سید اوصاف سعید کے مطابق مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے مسئلے پر بھی گفتگو کا امکان ہے۔

بھارتی وزیرِ اعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدوں میں شہری ہوا بازی، سیکیورٹی، دفاع، بنیادی ڈھانچے اور توانائی وغیرہ کے شعبوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

یہ توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایک معاہدہ 'اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل' سے متعلق ہوگا۔ بھارتی وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد اس کے شریک چیئرمین ہوں گے۔

باہمی تعلقات سے متعلق تمام امور اسی کونسل کے تحت انجام دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ دونوں ملک دفاعی صنعت میں قریبی تعلقات کے خواہاں ہیں۔

سعودی عرب کی 'جنرل اتھارٹی آف ملٹری انڈسٹری' کے وفد نے چند ماہ قبل بھارت کا دورہ کیا تھا اور بھارتی دفاعی صنعت کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔

دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کی بحری افواج دسمبر 2019 سے جنوری 2020 تک مشترکہ مشقیں بھی کریں گی۔

نریندر مودی کے دورۂ سعودی عرب کے دوران 'روپے کارڈ' جاری کرنے سے متعلق ایک مفاہمت پر بھی دستخط کا امکان ہے جس سے سعودی عرب میں مقیم بھارتی کمیونٹی کے علاوہ حجاج کو بھی فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم مودی منگل کو ریاض میں سرمایہ کاری سے متعلق 'فیوچر انویسٹمنٹ انی شیئیٹیو فورم' سے بھی خطاب کریں گے۔

بھارت میں وزیرِ اعظم مودی کے اس دورے کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے۔ بھارتی حکام کا خیال ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔

سینئر تجزیہ کار انجم نعیم نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور بھارت کے درمیان تاریخی تعلقات رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے حکام انہیں مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

ان کے بقول سعودی عرب میں بڑی تعداد میں بھارتی آباد ہیں جو وہاں تعمیر و ترقی میں تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ بھارتی وزیرِ اعظم کو اس سے قبل سعودی عرب کے اعلیٰ سول اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG