رسائی کے لنکس

ذمے داری یا جمے داری: ’نسیم نے کہیں مشن مجنوں تو نہیں دیکھ لی؟‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسان کا پیچھا بعض اوقات زبان سے نکالے گئے الفاظ کے علاوہ انگلیوں سے لکھے گئےلفظ بھی نہیں چھوڑتے۔ چاہے وہ غلطی سے لکھے گئے ہوں یا کسی دوسری زبان میں اس لفظ کی مختلف ادائیگی کا معاملہ ہو۔

ایسا ہی کچھ معاملہ ہوا پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ساتھ ہوا ہے جو اپنے ساتھی شاداب خان کی ٹوئٹ پر رد عمل دے رہے تھے۔

نسیم شاہ نے ٹوئٹ میں ذمہ داری” کو “جمے داری” لکھ دیا، پھر کیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرے شروع کر دیے جب کہ میم بھی بننے لگیں۔

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے بی پی ایل کے دوران افتخار احمد کی شاندار سینچری پر پوسٹ کی تھی کہ افتی بھائی، آپ کا بھائی شاداب بول رہا ہوں۔ آپ کی سینچری کمال تھی۔ یہ افتی مانیہ کی ٹکٹ کہاں سے ملتے ہیں، ریلیز کب ہے؟

شاداب کو جواب دیتے ہوئے افتخار نے کہا کہ افتی مانیہ کا ٹکٹ سب کو نہیں ملتا لیکن آپ بڑے بھائی ہو۔ آپ کے لیے وی آئی پی ٹکٹ بنتا ہے۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں شاداب خان نے ٹوئٹ کیا کہ صحیح بات ہے۔ ہم دونوں اپنے بڑے بھائی نسیم شاہ کی بولنگ دیکھا کرتے تھے، بچپن میں۔

بس پھر کیا تھا۔ نسیم شاہ نے بھی اپنے لمبے رن اپ کے ساتھ ٹوئٹ کر دی اور لکھا کہ جی بالکل، شاداب بھائی آپ صحیح کہہ رہے ہیں۔ افتخار بھائی کو وہ اسکول ڈراپ کرنے جاتے تھے۔ اب ایک جمے داری (ذمے داری) رہتی ہے میرے اپنے چھوٹے بھائی کی شادی کرانا۔

نسیم شاہ کی ٹوئٹ میں لفظ ذمہ داری کو جمے داری لکھنے پر ٹوئٹر صارفین نے پاکستانی فاسٹ بولر پر طنزیہ پوسٹس شروع کر دیں۔

مہوش اعجاز نامی صارف لکھا کہ بیٹا جمے داری کیا ہوتی ہے؟

اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتی اداکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیا سدارتھ ملہوترا، (جن کی حال ہی میں فلم مشن مجنو ں ریلیز ہوئی) انہوں نے یہ ٹوئٹ لکھی۔

فرزین نامی صارف کا کہنا تھا کہ نسیم نے مشن مجنوں تو نہیں دیکھ لی کہیں؟

ٹوئٹر صارف رابعہ ابرار کا ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی بنگلہ دیش پہنچے ہی ہو اور اردو کا قتل شروع۔

ٹوئٹر صارف نور نے نسیم شاہ کی تصویر شیئر کی۔ جس میں ان کے ہاتھوں میں خنجر ہیں۔

ایک اور ٹوئٹر صارف ہدیٰ نوید کا کہنا تھا کہ وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن جمے داری سے پتا چلتا ہے کہ آپ نے ایک بھارتی کونٹنٹ رائٹر رکھ لیا ہے۔ کیا پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی ہے۔

XS
SM
MD
LG