جسٹس ناصر الملک نے پاکستان کی اعلیٰ ترین عدلیہ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب اتوار کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے صدر ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نواز شریف علاوہ اعلیٰ حکومتی شخصیات، سپریم کورٹ کے جج صاحبان، مسلح افواج کے سربراہان اور غیر ملکی سفارتکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پانچ جولائی کو اپنے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے تھے۔
جسٹس ناصر الملک سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج تھے اور چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہوئے۔ وہ آئندہ تیرہ ماہ تک ملک کے چیف جسٹس رہیں گے۔
جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950ء کو سوات میں پیدا ہوئے۔
اُنھیں 1993ء میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994ء میں اُنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ۔ جسٹس ناصر الملک کو 2004ء میں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس جبکہ ایک سال کے بعد سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔