رسائی کے لنکس

نیٹو سپلائی کا حتمی فیصلہ مزید مشاورت کے بعد


وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور مشاورتی عمل کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔

نیٹو سپلائی سے متعلق وفاقی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچے ختم ہو گیا، وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی سے متعلق حتمی فیصلہ مزید مشاورت کے بعد ہو گا تاہم کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے صدرکی شکاگو اجلاس میں شرکت کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ صدر اقوام عالم کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔

اسلام آباد میں منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کی جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نیٹو سپلائی سے متعلق دفاعی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بھی ہو سکتا ہے ،پارلیمنٹ کی روشنی میں نیٹو سپلائی بحال کی جائے گی ۔

اجلاس میں نیٹو سپلائی سے متعلق متعلقہ اداروں کو سفارشات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور مشاورتی عمل کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھاکہ قومی وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک سے ناراض نہیں ہو سکتے، نیٹو سپلائی بحال کر دینی چاہیے ۔ تاہم پاکستان کے راستے سے افغانستان میں اتحادی افواج کو اسلحہ کی رسد کی اجازت نہیں ہو گی ۔

XS
SM
MD
LG