رسائی کے لنکس

نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی


سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو
سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو

علی رانا

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ منگل کی صبح اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ منگل کو سابق وزیراعظم نوازشریف 16 ویں، مریم نواز 18 ویں اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 20 ویں بار نیب ریفرنسز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ تینوں ریفرنسز میں مجموعی طور پر 39 میں سے 24 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

جب سماعت شروع کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث ایڈووکیٹ بعض وجوہات کی بناء پر دستیاب نہیں، فاضل جج نے خواجہ حارث کی عدم دستیابی کی وجہ سے ریفرنسز کی سماعت دن 2 بجے تک ملتوی کر دی۔

دن دو بجے جب سماعت شروع ہوئی تب بھی نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش ہو سکے جس کے باعث ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز اور نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد نے عدالت سے کل سماعت نہ کرنے کی استدعا کی جو مسترد کردی گئی۔

معاون وکیل عائشہ حامد کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں وکلاء آئندہ ہفتے سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت میں پیش ہوں گے جس کی وجہ سے احتساب عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں۔

آج ہونے والی سماعت میں دو غیر ملکی گواہوں کا بیان ویڈیو لنک پر لینے کی تاریخ بھی مقرر کی جانی تھی۔ عدالت نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو کل دوبارہ پیش ہونے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے حتمی فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے خلاف 3 ریفرنسز دائر کیے گئے تھے جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں شامل ہے۔

صبح احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نوازشریف نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وکلا اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں احتساب عدالت پیشی اور قانونی نکات پر بات چیت سمیت عوامی رابطہ مہم اور حالیہ جلسوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے پشاور اور مظفر آباد میں جلسوں کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ حالیہ جلسوں کی کامیابی سے واضح ہوگیا ہے کہ عوامی عدالت نے میری نااہلی کو مسترد کردیا ہے اور وقت بھی ثابت کردے گا کہ میرے خلاف انتقامي کارروائی کی جارہی ہے۔ میرے نہیں ملکی ترقی کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے، عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG