رسائی کے لنکس

پرول ختم؛ نواز شریف، مریم اور صفدر اڈیالہ جیل منتقل


نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کے بعد روانہ ہو رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)
نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کے بعد روانہ ہو رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

پنجاب کے وزیرِ قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نواز شریف یا ان کے خاندان کے کسی بھی فرد کی جانب سے پرول میں اضافے کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، لہذا انہیں جیل منتقل کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی اثاثوں کے مقدمے میں سزا یافتہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحب زادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کو پرول کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد کو پیر کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی لایا گیا جہاں سے بذریعہ سڑک اڈیالہ جیل پہنچایا گیا۔

راولپنڈی روانگی سے قبل نواز شریف نے لاہور کے نواحی علاقے جاتی امرا میں اپنی رہائش گاہ پر اپنی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد سے الوداعی ملاقات کی۔

نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر محکمۂ داخلہ پنجاب نے گزشتہ ہفتے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو پرول پر رہا کیا تھا جو پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی سہ پہر چار بجے ختم ہو رہا ہے۔

نواز شریف جیل روانگی سے قبل اپنی والدہ سے مل رہے ہیں۔
نواز شریف جیل روانگی سے قبل اپنی والدہ سے مل رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شہباز شریف بھی لاہور سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل تک نواز شریف کے ساتھ گئے جب کہ محکمۂ جیل خانہ جات کے تین افسران بھی جہاز میں نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کے ہمراہ تھے۔

پنجاب کے وزیرِ قانون راجہ بشارت نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ نواز شریف یا ان کے خاندان کے کسی بھی فرد کی جانب سے پرول میں اضافے کی کوئی درخواست محکمۂ داخلہ پنجاب کو موصول نہیں ہوئی تھی جس کے پیشِ نظر ان کی واپسی کے تمام انتظامات کیے گئے۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اگر پرول میں اضافے کی کوئی درخواست موصول ہوتی تو وہ قانون کے مطابق اس پر فیصلہ کرتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنے طور پر نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کے پرول میں رہائی کے وقت میں اضافہ کر دینا چاہیے تھا۔

اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو سابق خاتون اوّل کلثوم نواز کے انتقال پر گزشتہ ہفتے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہائی دی گئی تھی جس کے بعد انہیں خصوصی طیارے میں لاہور لایا گیا تھا۔

بعد ازاں پنجاب حکومت نے تینوں مجرمان کے پرول میں پانچ روز کی توسیع کردی تھی۔

سابق وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی۔

تینوں افراد رواں سال جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور پیر کو لاہور سے راولپنڈی پہنچنے کے بعد تینوں کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔

سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کا انتقال گزشتہ ہفتے لندن میں ہوا تھا جس کےبعد ان کی میت کو پاکستان لایا گیا تھا اور جمعے کو ان کی تدفین جاتی امرا میں کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG