رسائی کے لنکس

ریمنڈ ڈیوس کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں کو کرنے دیا جائے، نواز شریف


ریمنڈ ڈیوس کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں کو کرنے دیا جائے، نواز شریف
ریمنڈ ڈیوس کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں کو کرنے دیا جائے، نواز شریف

پاکستانی حزبِ مخالف کی سب سے بڑی جماعت نے کہا ہے کہ گرفتار امریکی اہلکار کے سفارتی استثنیٰ کا فیصلہ پاکستانی عدالتیں کرینگی۔

پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سربراہ اور سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے امریکی سینیٹر جان کیری سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی حراست میں موجود امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے مقدمے کا فیصلہ پاکستانی قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عدالتیں مارچ 2009ء سے آزاد ہیں اور بقول ان کے انہوں نے پاکستان میں امریکی سفیر کو پہلے ہی بتادیا تھا کہ ریمنڈ کے کیس کا فیصلہ پاکستانی عدالتیں ہی کرینگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر جان کیری سے بھی ملاقات میں انہوں نے اپنے اسی موقف کو دہرایا کہ ڈیوس کے کیس کا فیصلہ پاکستانی قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین جان کیری گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے۔ ان کے دورے کا مقصد پاکستانی حکام کی حراست میں موجود امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی ہے جس کے بارے میں امریکہ کا اصرار ہے کہ اسے سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کو "مس ہینڈل" کیا ہے جس کے باعث معاملہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔

ان کے بقول اگر وفاقی حکومت اس مقدمے کو مناسب طور پر دیکھتی تو آج معاملات کسی دوسرے رخ پر ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی وزارتوں کے موقف میں تضاد پایا جاتا ہے جو بقول ان کے افسوسناک ہے۔

سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر انجام دی ہیں اور صوبائی حکومت اب اس معاملے میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہی۔ واضح رہے کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور میاں نواز شریف کے بھائی میاں شہباز شریف صوبہ کے وزیرِاعلیٰ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ پولیس کی جانب سے امریکی قونصل خانے کو پانچ بار تحریری طور پر کہا گیا کہ وہ تیسرے شہری کو کچلنے والی گاڑی اور اس کے ڈرائیور کو حکام کے حوالے کرے لیکن امریکی سفارتی عملے نے پولیس کی ان درخواستوں پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔

سینیٹر جان کیری نے بدھ کے روز صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

امریکی اہلکار پر لاہور کے مصروف قرطبہ چوک میں دو پاکستانی نوجوانوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ تاہم ریمنڈ ڈیوس کا موقف ہے کہ اُس نے دونوں مسلح موٹرسائیکل سواروں پر گولیاں اپنے دفاع میں چلائی تھیں کیوں کہ وہ اسے لوٹنا چاہتے تھے۔ پاکستانی پولیس نے ملزم پر عائد کردہ فردِ جرم میں اس کے موقف کو مسترد کیا ہے۔

امریکی اہلکار کی قتل کے الزام میں پاکستان میں گرفتاری کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات شدید تنائو کا شکار ہیں۔

XS
SM
MD
LG