رسائی کے لنکس

نوازشریف کے صاحب زادوں کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم


مریم نواز اپنے بھائیوں حسن نواز اور حسین نواز کے ہمراہ اسلام آباد میں جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے لیے آ رہی ہیں۔ فائل فوٹو
مریم نواز اپنے بھائیوں حسن نواز اور حسین نواز کے ہمراہ اسلام آباد میں جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے لیے آ رہی ہیں۔ فائل فوٹو

اسلام آباد میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں حصص منجمد کر دیے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی سربراہی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسین اورحسن نواز کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ س موقع پر نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے اثاثوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جب کہ ایس ای سی پی نے حسین اورحسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں حصص کی تفصیلات بھی پیش کیں۔

ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق حسن اور حسین کے 6 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔

عدالت نے ایس ای سی پی کو حسین اور حسن نواز کے حصص منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں ملزمان کی جائیداد قرق کرنے کا عمل شروع کردیا جب کہ کیس کی سماعت 14نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے نوازشریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس الگ کر دیا تھا جب کہ مسلسل طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے بیٹوں، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور سمدھی اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس قائم کیے گئے تھے جن پر کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

نواز شریف کو 3 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے جس کے لیے نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2 نومبر کو لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG