رسائی کے لنکس

غلط بیانی پر این بی سی نے میزبان کو معطل کر دیا


برائن ولیمز (فائل فوٹو)
برائن ولیمز (فائل فوٹو)

بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ آیا ولیمز اپنی معطلی ختم ہونے کے بعد اپنے پروگرام کی میزبانی دوبارہ کریں گے یا نہیں۔

امریکہ کے ایک معروف ٹی وی چینل 'این بی سی' نے اپنے ایک میزبان برائن ولیمز کو عراق جنگ سے متعلق ایک خبر میں خود کو منسلک کرنے کے جھوٹے دعوی ٰ کی بنا پر چھ ماہ کے لیے بغیر تنخواہ کے معطل کر دیا ہے۔

55 سالہ ولیمز نے گزشہ ہفتہ اپنے شام کو نشر ہونے والے ایک معروف پروگرام سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔

منگل کو جاری ایک تحریری بیان میں این بی سی کے یونیورسل چیف ایگزیکٹو اسٹیو برک نے کہا کہ "اپنے عمل سے برائن نے لاکھوں امریکیوں کے اس اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جو وہ این بی سی نیوز پر کرتے ہیں۔ ان کے اعمال ناقابل معافی ہیں اور ان کی معطلی (کی سزا) سخت اور مناسب ہے"۔

بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ آیا ولیمز اپنی معطلی ختم ہونے کے بعد اپنے پروگرام کی میزبانی دوبارہ کریں گے یا نہیں۔

ولیمز نے کہا تھا کہ 2003 میں عراق میں امریکی حملے کے دوران ان سے آگے پرواز کرنے والا چنیوک ہیلی کاپٹر "تقریباً فضا میں پھٹ گیا تھا"۔ تاہم ان کی بیان کردہ کہانی بتدریج تبدیل ہوتی رہی۔

گزشتہ ماہ اس بارے میں اس وقت تنازع کھڑا ہو گیا جب انہوں نے ٹیلی ویژن پر ایک مختلف کہانی بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عراق میں اس ہیلی کاپٹر پر سوار تھے جس کو راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔

گزشتہ ہفتے ولیمز نے یہ تسلیم کیا کہ ان کی بیان کردہ کہانی صحیح نہیں تھی۔ تاہم اس پر معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں (کہانی ) دہراتے ہوئے غلطی ہوئی جس پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی۔ اس تقریب میں موجود فوجی اہلکاروں اور صحافیوں نے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔

ولیمز نے عارضی طور پر ٹی وی پر نہ آنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالآخر ٹی وی پر واپس آنا چاہیں گے اور ان لوگوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے جس اعتماد کو وہ اپنی طویل پیشہ وارانہ زندگی کے دوران حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

ولیمز وائٹ ہاؤس کے لیے ایک سینیئر نامہ نگار کے طور پر کام کر چکے ہیں اور 2004 سے وہ 'این بی سی ' کے رات کو نشر ہونے والے ایک معروف پروگرام کی میزبانی بھی کرتے رہے۔

XS
SM
MD
LG