رسائی کے لنکس

نیپال زلزلے سے 10 لاکھ بچے شدید متاثر: یونیسیف


ایک بیان میں، یونیسیف کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیپال میں جہاں 3700 افراد کی ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں، وہاں زلزلے سے تقریبا 10 لاکھ بچے شدید متاثر ہوئے ہیں

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود اطفال، یونیسیف کا کہنا ہے کہ نیپال میں آنےوالے تباک کُن زلزلے کے نتیجے میں 10 لاکھ بچوں کو امداد کی اشد ضرورت ہے۔

'یونیسیف' کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیپال میں جہاں 3700 افراد کی ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں، وہاں زلزلے سے تقریبا 10 لاکھ بچے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیسیف کے کارکن نیپال میں متاثرہ بچوں کیلئے کام کررہے ہیں۔

یونیسیف کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ بچوں میں وبائی امراض پھیل سکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا ہے کہ اس وقت لاکھوں بچے شدید متاثر ہوئے ہیں، جب کہ یونیسیف کی سب سے بڑی ترجیح زلزلے سے متاثرہ بچوں کو صاف پانی اور خوراک فراہم کرنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' پر جاری ہونےوالی رپورٹ کے مطابق یونیسیف کا کہنا ہے کہ زلزلے سے آنےوالی تباہی کے بعد، متاثرین خیموں اور کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز نیپال میں آنےوالے شدید زلزلے میں جہاں درجنوں افراد لقمہ اجل بنے وہیں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کی تعداد بے شمار ہے۔

XS
SM
MD
LG