رسائی کے لنکس

اسرائیل تمام معاملات پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، نیتن یاہو


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عرب ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'العربیہ' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کہ وہ ہر اس شخص کے ساتھ کسی بھی جگہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں جو اسرائیل کا حقِ وجود تسلیم کرتا ہو

اسرائیل کے وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی حکام امن مذاکرات کے احیاء پر آمادہ ہوجائیں تو وہ تمام معاملات پر گفتگو کے لیے تیار ہیں۔

عرب ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'العربیہ' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کہ وہ ہر اس شخص کے ساتھ کسی بھی جگہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں جو اسرائیل کا حقِ وجود تسلیم کرتا ہو۔

تاہم انہوں نے فلسطین کے صدر محمود عباس کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی تعمیرات روکے جانے تک مذاکرات سے انکار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تنازعہ کے حل کے لیے فریقین کو "مذاکرات کی میز پر لوٹنا ہوگا"۔

فلسطینی حکام رواں برس ستمبر میں فلسطین کو ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے اقوامِ متحدہ کی رکنیت دلانے کے منصوبے کا اعلان کرچکے ہیں جس کی اسرائیل سخت مخالفت کر رہا ہے۔

جمعرات کو نشر کیے گئے اپنے اس انٹرویو میں اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ وہ امن کے قیام کے لیے "مشکل سمجھوتوں" کی ضرورت کا ادراک رکھتے ہیں تاہم انہوں نے ان سمجھوتوں کی وضاحت نہیں کی۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کی بحری ناکہ بندی کی حمایت کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ اقدام علاقہ کی حکمران مسلم مزاحمتی تنظیم حماس کو بحری راستوں کے ذریعے راکٹوں کی فراہمی روکنے کے لیے ضروری ہے۔

شام کی صورتِ حال سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسرائیلی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا ملک شام کے حالات میں مداخلت نہیں کر رہا تاہم اسے وہاں کی صورتِ حال کے متعلق تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سمجھتا ہے کہ شام کے نوجوان ایک "بہتر مستقبل کے حق دار ہیں"۔

نیتن یاہو نے کہا کہ وہ شام کے ساتھ واقع اسرائیلی سرحد پر عشروں سے چلے آرہے سکون کو قائم رکھنا چاہتے ہیں اور اس صورتِ حال کو ایک امن معاہدے میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔

شام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے امن مذاکرات کا نتیجہ گولان ہائٹس نامی شام کے پہاڑی علاقے سے اسرائیل کے مکمل فوجی انخلاء کی صورت میں نکلنا چاہیے جس پر اسرائیلی افواج نے 1967ء کی جنگ کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔

نیتن یاہو علاقے سے اسرائیل کے فوجی انخلاء کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG