رسائی کے لنکس

نیتن یاہو کی بدعنوانی کے الزامات سے استثنا کی درخواست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیلی پارلیمان سے درخواست کی ہے کہ انہیں کرپشن کے تین الزامات کے حوالے سے استثنا دیا جائے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی درخواست سے قانون کیلئے تمام لوگوں کی برابری کے اصول کی نفی ہوتی ہے۔

استثنا کی یہ درخواست اسرائیل میں کئی ہفتوں سے جاری سیاسی اور قانونی بحران کی صورت حال کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ کرپشن کے الزامات سچ ثابت ہونے کی صورت میں انہیں جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

اسرائیل میں حکومت سازی گذشتہ تقریباً ایک سال سے بحران کا شکار ہے جس سے ملک میں سیاسی تعطل کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

نیتن یاہو نے استثنا کی یہ درخواست قانونی ڈیڈلائن ختم ہونے سے صرف تین گھنٹے قبل دی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے نیتن یاہو کے خلاف جرائم کی تحقیقات کئی ماہ تک تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔

نیتن یاہو کو دو ماہ بعد عام انتخابات کا سامنا ہے جو تیسری بار منعقد ہوں گے۔ اس سے پہلے ہونے والے دو انتخابات میں کوئی بھی پارٹی واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی بنا پر حکومت بنانے میں ناکام رہی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ اگر اسرائیلی پارلیمان ان کی استثنا کی درخواست منظور کر لیتی ہے تو نیتن یاہو کو اس وقت تک کرپشن کے الزامات کی تحقیقات سے استثنا حاصل رہے گا جب تک وہ اسرائیلی پارلیمان کے رکن رہیں گے۔

بنیامین نیتن یاہو پر نومبر میں رشوت ستانی، فراڈ اور اعتماد کو دھوکہ دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ وہ ان الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ استثنا منظور ہونے کی صورت میں نیتن یاہو کے دوبارہ انتخاب اور ان کی قدامت پسند جماعت لیکھوڈ پارٹی کی ساکھ پر برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، کیونکہ انہیں اس تنقید کا سامنا ہو گا کہ وہ خود کو قانون سے بالا تر قرار دے رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا ہے کہ استثنا کی درخواست ایک عارضی اقدام ہے اور یہ پارلیمان کی صرف ایک مدت کیلئے لاگو ہو گی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کا یہ بیان اس درخواست سے پہنچنے والی سیاسی نقصان کو محدود رکھنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

بنیامین نیتین یاہو اسرائیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم ہیں اور وہ اس مرتبہ مسلسل چوتھی مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔ اسرائیل میں کوئی بھی شخص لا محدود مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG