رسائی کے لنکس

’پرچی‘ باکس آفس پر بھی چل گئی


پاکستانی فلم انڈسٹری پر کچھ زیادہ ہی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ فلمیں بنانے کی دوڑ لگی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایسی فلمیں بن رہی ہیں جو کہانی اور کونٹینٹ کے حوالے سے کمزور ہیں۔ ہمیں اچھی فلمیں بنانے پرتوجہ دینی چاہئیے چاہے اس میں زیادہ وقت ہی کیوں نہ لگے

’پرچی‘ نئے سال میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے جو مقامی فلم ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق گزشتہ سال کے آخرمیں ریلیز ہونے والی’ چھپن چھپائی‘، ’رنگ ریزا‘ اور ’ارتھ ٹو‘ سے زیادہ اچھا بزنس کر رہی ہے۔

فلم ڈسٹری بیوٹرز سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق ’پرچی‘ نے ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں تقریباً 30 لاکھ کا بزنس کیا۔

اے آر وائی کے ایک عہدیدار کے مطابق فلم جمعہ کو ریلیز ہوئی اور چار اعشاریہ نو ملین روپے کا بزنس کیا جبکہ اتوار تک فلم کے کلیکشنز تقریباً 30 لاکھ تک پہنچ گئے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ فلمی رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ ایک اچھی شروعات ہے۔ ابھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا لیکن توقع ہے کہ فلم کی پہلے ہفتے کی کمائی کم و بیش پچاس لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی۔

’نیو پلیکس‘ سنیما کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ مارکیٹنگ کامران یارخان کے مطابق’ پہلے تین دن بڑی تعداد میں لوگ پرچی دیکھنے آئے اور فلم کے پہلے ہفتے میں اسی فیصد ہال بھرا رہا۔ اس ہفتے سینما آنے والوں میں بیس سے تیس فیصد کمی ہوئی لیکن چھٹی کے علاوہ عام دنوں میں بھی پرچی اچھا بزنس کر رہی ہے۔ موسم سرما میں جتنی فلمیں بھی ریلیز ہوئیں سب سے زیادہ رش پرچی دیکھنے والوں کا رہا۔‘

جب کامران یار خان سے پاکستانی فلموں کی ڈسٹری بیوشن اور ریلیز کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا جواب تھا کہ’ میرے خیال میں پاکستانی فلم انڈسٹری پر کچھ زیادہ ہی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ فلمیں بنانے کی دوڑ لگی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایسی فلمیں بن رہی ہیں جو کہانی اور کونٹینٹ کے حوالے سے کمزور ہیں۔ ہمیں اچھی فلمیں بنانے پر توجہ دینی چاہئیے چاہے اس میں زیادہ وقت ہی کیوں نہ لگے۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’فلم انڈسٹری کو پھل پھولنے کے لئے ایک عشرے کا وقت دیں کیونکہ اس وقت سب سیکھنے کے عمل میں ہیں۔‘

ایکسپریس ٹری بیون کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’لاہور میں بھی پرچی کے بارے میں اچھی خبریں ہیں۔‘

سپرسینماز کے جنرل منیجر خرم گل تاسب کا کہنا ہے ’پرچی دیکھنے والوں کی شرح پچاس فیصد سے زیادہ رہی۔ کام کے دنوں میں یہ شرح تیس فیصد ہو گئی۔میرا خیال ہے کہ فلم رواں ہفتے35 لاکھ سے 54 یا 55 لاکھ روپے تک کا بزنس کر لے گی ۔

ویک اینڈ کے رش کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا گیا تھا کہ فلم روزانہ 10 لاکھ روپے کمائے گی ۔گل تاسب کے بقول نئے آنے والے اور سینئر لوگ سب ہی اچھا کام کر رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مزید بہتری آتی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG