رسائی کے لنکس

سال 2013ء میں ریلیز ہونے والی کچھ منفرد فلمیں


جن فلموں سے نئے سال میں نئے ریکارڈز متوقع ہیں ان میں سرفہرست ”شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا “، ”چنائی ایکسپریس“، ”گھن چکر“، ”ایک تھی ڈائن“، "زنجیر“، ”ہمت والا“ وغیرہ شامل ہیں۔

نئے سال کا پہلا مہینہ گزر چکا ہے۔ اتفاق کہئے یا قسمت اس مہینے کوئی بھی غیرمعمولی کامیابی حاصل کرنے والی فلم ریلیز نہیں ہوسکی لیکن آنے والے مہینوں کے حوالے سے بالی ووڈ فلم ٹریڈ سے وابستہ افراد کو توقع ہے کہ باکس آفس پر کامیاب فلموں کی شرح نہ صرف گزشتہ سال سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے بلکہ کچھ نئے ریکارڈز بھی بنیں گے۔

بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جن فلموں سے نئے سال میں نئے ریکارڈز متوقع ہیں ان میں سر فہرست ”شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا“، ”چنائی ایکسپریس“، ”گھن چکر“، ”ایک تھی ڈائن“، زنجیر“، ”ہمت والا“ وغیرہ شامل ہیں۔

آئیے ان فلموں پر ایک تفصیلی نظر ڈالیں:

شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا
یہ فلم سال کی پہلی ملٹی اسٹارر فلم ہوگی۔ اس سے قبل ”شوٹ آوٴٹ ایٹ لوکھنڈ والا“ کے نام سے بھی ایک فلم آچکی ہے جس نے خوب شہرت اور پیسہ کمایا۔ اسے ڈائریکٹ کیا تھا سنجے کپور نے۔

”شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا“ کی ہدایات بھی انہوں نے ہی دی ہیں۔ جان ابراہم، انیل کپور، منوج واجپائی، کنگنا رانوٹ، بپاشا باسو، سونو سود، تشار کپور اور مہیش منجریکر وغیرہ اس فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

دھوم تھری
فلم کی ریلیز سے پہلے ہی جس کے چرچے زبان زد عام ہیں وہ ہے ”دھوم تھری“۔ فلم کی کاسٹ میں ایک بڑا نام عامر خان کا بھی شامل ہے۔ عامر خان پانچ سال بعد یش راج فلمز کے بینر تلے کام کررہے ہیں۔

چنائی ایکسپریس
”چنائی ایکسپریس“ کے ساتھ کئی بڑے نام جڑے ہیں مثلاً شاہ رخ خان، دپیکا پڈکون اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی۔ جی ہاں یہ وہی شیٹھی ہیں جن کی فلم ”سنگھم“ گزشتہ سال سپر ہٹ ہوئی تھی۔

ویسے تو روہت کے فیورٹ اداکار اجے دیوگن ہیں اور ابھی تک وہ انہی کے ساتھ فلمیں بناتے رہے ہیں لیکن اس بار وہ شاہ رخ خان اور دپیکا پڈکون کو لیکر ایک لو اسٹوری پر کام کررہے ہیں۔ یہ لو اسٹوری ٹرین کے سفر سے جڑی ہے۔ ان تینوں بڑے ناموں کی وجہ سے فلم نے ابھی سے پبلسٹی حاصل کرنا شروع کردی ہے۔

ہمت والا
سن 80ء کے عشرے میں اسی نام سے ایک فلم بن چکی ہے۔ رواں سال اس کا ری میک ریلیز ہورہا ہے۔ نئے ورژن کی ہدایت کاری کی ذمے داری اٹھائی ہے ساجد خان نے جبکہ فلم کے ہیرو ہیں اجے دیوگن، جو پہلی بار ساجد کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

زنجیر
ایک اور ری میک فلم ”زنجیر “اپریل میں ریلیز ہونے جارہی ہے ۔یہ بات آپ کی نالج میں ہوگی ہی کہ ”زنجیر“ بگ بی امیتابھ بچن کی سپر ہٹ فلموں میں سرفہرست ہے۔ ری میک میں پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہیں ساوٴتھ کے سپر اسٹار رام چرن تیجا ۔

ایک تھی ڈائن
اس فلم کی تیاری کا ذمہ لیا ہے ایکتا کپور نے جن کا ساتھ دے رہے ہیں وشال بھردواج۔ یہ دونوں کی پہلی مشترکہ کاوش ہے۔ فلم کی کاسٹ میں عمران ہاشمی، کونکنا شرما ، ہما قریشی اور کالکی کوچلین کے نام نمایاں ہیں۔

گھن چکر
”گھن چکر “ کی ہیروئن ہیں او ۔۔لالا گرل یعنی ودیا بالن۔ شادی کے بعد ریلیز ہونے والی یہ ان کی پہلی فلم ہوگی۔ فلم میں ان کے ہیرو کا کردار اداکیا ہے عمران ہاشمی نے ۔ فلم میں ڈائریکٹر کے فرائض انجام دیئے ہیں راج کمار گپتا نے۔
XS
SM
MD
LG