رسائی کے لنکس

نئی دہلی کے گھر سے 11 لاشیں برآمد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا مرنے والے تمام افراد نے خود کشی کی یا انہیں قتل کیا گیا۔ لاشوں پر کسی گولی کا کوئی زخم بھی نہیں ہے۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک گھر سے 11 لاشیں برآمد کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی موت پراسرار حالات میں ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق تمام لاشیں ایک ہی خاندان کے افراد کی ہیں جو نئی دہلی کے ایک نواحی گاؤں بریری کے ایک گھر سے اتوار کو برآمد ہوئیں۔

علاقہ پولیس کے ایک افسر وینیت کمار نے 'اے پی' کو بتایا ہے کہ مرنے والے بیشتر افراد اسی گھر کے رہائشی تھے جہاں سے لاشیں ملی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 11 میں سے 10 افراد کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں اور ان کی لاشیں چھت سے لٹکی ہوئی تھیں۔

مرنے والوں میں چار مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔ مرنے والے گیارہویں شخص کی لاش ایک 70 سالہ خاتون کی ہے جو گھر کے فرش سے ملی۔

پولیس نے بتایا ہے لاشیں متاثرہ گاؤں کے ایک پڑوسی نے اتوار کی صبح دریافت کیں جس نے پولیس کو اطلاع دی۔

علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا مرنے والے تمام افراد نے خود کشی کی یا انہیں قتل کیا گیا۔ لاشوں پر کسی گولی کا کوئی زخم بھی نہیں ہے۔

اس سے قبل 18 جون کو بریری گاؤں کے مرکزی بازار میں دو گروہوں میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے متعلق پولیس نے کہا تھا کہ دونوں جرائم پیشہ گروہوں کے سرغنوں کی دشمنی 2013ء سے چلی آرہی تھی۔

تاحال پولیس نے اتوار کو ملنے والی لاشوں اور اس سے قبل ہونے والی فائرنگ کے درمیان کوئی تعلق ہونے کا دعویٰ نہیں کیا ہے لیکن ایک اعلیٰ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس بارے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا ان دونوں واقعات میں کوئی تعلق تو نہیں۔

XS
SM
MD
LG