رسائی کے لنکس

کراچی: عمران اسماعیل پیر کو نئے گورنر کا حلف اٹھائیں گے


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، عمران اسماعیل پیر کو نئے گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے۔

اِس ضمن میں صدر مملکت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن سندھ حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔

نوٹی فیکیشن کے تحت عمران اسماعیل کو وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر نے گورنر مقرر کیا ہے.

عمران اسماعیل صوبے کے 33ویں گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ اس سے قبل محمد زبیر گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

تاہم، محمد زبیر نے تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت بننے پر انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے، عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

عمران اسماعیل تحریک انصاف کے دیرینہ اور متحرک رکن جانے جاتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان پر اعتماد کی وجہ دیرینہ کارکن کے علاوہ ایم کیو ایم سے اچھے تعلقات بھی ہیں۔

عمران اسماعیل کراچی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کینٹ پبلک سکول سے حاصل کی جس کے بعد انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کامرس کالج اور گریجویشن نیشنل کالج سے مکمل کیا۔

وہ لیدر ٹیکنالوجی اور لیدر کیمیکل کی صنعت سے وابستہ رہے ہیں۔

عمران اسماعیل اس بار بھی صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ تاہم، گورنر بننے کے بعد وہ اس نشست سے مستعفی ہوجائیں گے۔

وہ پارٹی کے کئی اہم عہدوں پر فائض رہے ہیں۔ اس وقت بھی وہ پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہیں۔

XS
SM
MD
LG