رسائی کے لنکس

نیویارک میں غیر قانونی تارکین وطن ڈرائیونگ لائسنس لے سکیں گے


امریکی ریاست نیویارک نے ایسے تمام تارکین وطن کو، جن کے پاس امریکہ میں رہائش کے لیے ضروری دستاویزات نہیں ہیں، ڈرائیونگ لائسنس کا اہل قرار دینے کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ گورنر اینڈریو کومو نے نیویارک سینیٹ کے منظور شدہ بل پر دستخط کر دیے ہیں۔

ضروری دستاویزات کے بغیر سکونت پذیر تارکین وطن کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے گرین لائٹ بل کی نیویارک کی سینیٹ نے 29 کے مقابلے میں 33 ووٹوں سے منظوری دی تھی۔

اس بل کو نیویارک برونکس بورو کے سینیٹر لوئیس سپولویدا نے پیش کیا تھا۔ بل کی منظوری سے 2 لاکھ 65 ہزار تارکین وطن کو فائدہ پہنچے گا، اور انھیں یہ خطرہ نہیں رہے گا کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے پکڑ لیے جائیں گے۔

2001 سے پہلے نیویارک میں مقیم ایسے تارکین وطن بعض شرائط کے تحت ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے اہل تھے، لیکن سابق گورنر ایلیٹ سپٹنر نے اس پابندی عائد کر دی تھی۔ تاہم گورنر کومو کے دستخط کے بعد اس قانون سے غیر قانونی تارکین وطن کو بڑا ریلیف ملے گا۔

نیویارک سینیٹ میں بل پیش کرتے ہوئے لوئیس سپولیدا نے کہا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب تارکین وطن کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہم ان کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایک اور سنیٹر گوسٹاو ریروا نے سینیٹ کے فلور پر بل کی حمایت میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیویارکر کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے کہ دیگر نیویارکرز کو قطع نظر اس کے، کہ ان کے پاس ضروری دستاویزات ہیں یا نہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

سینیٹر گوسٹاو ریرو کے مطابق امریکہ کی 50 میں سے 11 مزید ریاستیں اسی طرح کی قانونی سازی کر رہی ہیں۔

گورنر کومو ابتدا میں ان خدشات کا شکار تھے کہ دستاویزات کے بغیر رہنے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے قانون سے وفاقی حکام کو غیر قانونی تارکین وطن کے بارے میں معلومات حاصل ہو جائیں گی جس کے بعد ان کی ملک بدری کے امکانات بڑھ جائیں گے، لیکن نیویارک کے اٹارنی جنرل لی تیتیا جیمز نے منگل کو بتایا کہ بل میں اس حوالے سے خدشات کا تدارک کر دیا گیا ہے۔

ان کہنا ہے کہ قانون کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے والوں کو تحفظ حاصل ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ اس بل کو اگر عدالت میں چیلنج کیا گیا تو ریاست اس کا دفاع کرے گی۔

ایک ایسے وقت میں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تارکین وطن کو بلک بدر کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملک بھر سے تارکین وطن کی ملک بدری شروع ہو رہی ہے، نیویارک ریاست کا نیا قانون خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

XS
SM
MD
LG