رسائی کے لنکس

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: بنگلہ دیش کو اننگز اور 117 رنز سے شکست


نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے کو سیریز میں 244 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے کو سیریز میں 244 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 117 رنز سے شکست دے دی ہے۔ مہمان ٹیم کی شکست کے ساتھ ہی دو میچز کی سیریز ایک، ایک کی برابری پر ختم ہو گئی ہے۔

منگل کو کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز ہی میچ کا فیصلہ ہو گیا۔ فالو آن کا شکار ہونے والی مہمان بنگلہ دیش کی ٹیم کیویز بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 278 رنز پر ہمت ہار گئی۔

سوائے لٹن داس کے کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ انہوں نے ایک چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے اور جیمی سن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز شادمان اسلام 21، محمد نعیم 24، نجم الحسین شانتو 29، کپتان مومن الحق 37 اور وکٹ کیپر بلے باز نورالحسن 36 رنز بنا سکے۔ چار کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔

میچ کی سب سے دلچسپ بات روس ٹیلر کا وکٹ لینا تھا۔ ٹیلر کے ٹیسٹ کریئر کا یہ آخری میچ تھا اور کریئر کا اختتام انہوں نے ایک وکٹ لے کر کیا۔ ٹیلر نے اپنے واحد اوور میں عبادت حسین کو آؤٹ کیا۔ یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی تیسری وکٹ تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیل ویگنر نے دو، ٹم ساؤتھی، ڈیرل مچل اور روس ٹیلر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں مہمان بنگلہ دیش کے کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میزبان نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 521 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

ڈیون کونوے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

کیویز ٹیم کی جانب سے کپتان ٹام لیتھم نے 252 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 34 چوکے بھی شامل تھے۔ ڈیون کانوے نے 109، ول ینگ 54 اور ٹام بلنڈل 57 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز تھے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 117 رنز سے شکست دے کر میزبان ٹیم نے دو میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ٹام لیتھم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ نیوزی لینڈ کے ہی ڈیون کونوے کو سیریز میں 244 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG